Monday, December 08, 2025 | 17, 1447 جمادى الثانية
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • گووا نائٹ کلب حادثہ:تمام اموات شدہ افراد کی شناخت ظاہر،5 افراد گرفتار،کلب مالک فرار

گووا نائٹ کلب حادثہ:تمام اموات شدہ افراد کی شناخت ظاہر،5 افراد گرفتار،کلب مالک فرار

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: Dec 08, 2025 IST

گووا نائٹ کلب حادثہ:تمام اموات شدہ افراد کی شناخت ظاہر،5 افراد گرفتار،کلب مالک فرار
گووا کے ارپورہ میں واقع "برچ بائے رومئو لین" نائٹ کلب میں ہفتے کی رات لگی خوفناک آگ میں مرنے  والے 25 افراد کی شناخت ہو گئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ان میں 20 ملازم اور 5 سیاح شامل ہیں۔ اب تک 17 لاشوں کا پوسٹ مارٹم مکمل ہو چکا ہے اور 6 لاشیں لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ پولیس کے مطابق 25 میں سے 23 لاشوں پر جلنے کے کوئی نشان نہیں تھے، جبکہ 2 لاشیں بری طرح جھلس گئی تھیں۔
 
23 افراد کی موت دم گھٹنے سے ہوئی:
 
پولیس افسران نے بتایا کہ 23 افراد کے جسم پر جلنے کا کوئی نشان نہ ہونے سے پتا چلا کہ ان کی موت دم گھٹنے سے ہوئی۔ آگ لگنے کے بعد لوگ بچنے کے لیے کچن اور بیسمنٹ کی طرف بھاگے تھے، جس کی وجہ سے ان کا بچ نکلنا ناممکن ہو گیا۔ مرنے والوں میں دہلی  کرناٹک سمیت مختلف علاقوں سے آئے سیاح شامل تھے۔جبکہ  ملازمین  میں   مرنے والے افراد کا تعلق اتراکھنڈ، نیپال، جھارکھنڈ، مہاراشٹر ،آسام، اتر پردیش اور بنگال سے تھا۔
 
کلب کے 5 افرادگرفتار:
 
پولیس نے کلب کے چیف جنرل منیجر راجیو مودک، جنرل منیجر وویک سنگھ، بار منیجر راجویر سنگھانیہ، گیٹ منیجر پریانشو ٹھاکر اور اپارٹمنٹ آپریشن منیجر بھرت سنگھ کو دہلی سے گرفتار کر لیا ہے۔ کلب کے مالکان سورو اور گورو لوتھرا کے خلاف غیر ارادی قتل، بغیر دستاویزات کے لائسنس لینے سمیت کئی دفعات میں ایف آئی آر درج ہے۔ حکومت نے 2023 میں کلب کو چلانے کی اجازت دینے پر 3 سینئر افسران کو بھی معطل کر دیا ہے، جن میں اس وقت کے پنچایت ڈائریکٹر بھی شامل ہیں۔
 
کلب میں صرف 2 گیٹ تھے:
 
پولیس کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے بعد لکڑی کے ڈھانچے اور فرنیچر کی وجہ سے آگ مزید بھڑک اٹھی، جس سے لوگوں کو نکلنے کا موقع ہی نہیں ملا۔ کلب میں صرف 2 ایگزٹ گیٹ تھے، جس کی وجہ سے لوگ اندر ہی پھنس گئے۔ تاہم کوئی دھماکہ نہیں ہوا تھا۔ کلب مالکان سوربھ لوتھرا اور گورو لوتھرا کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری ہیں۔ دونوں دہلی کے رہنے والے ہیں اور مفرور ہیں۔ ان کے خلاف لک آؤٹ نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
 
آگ کیسے لگی تھی؟
 
"بائے رومئو لین" کلب میں ہفتہ-اتوار کی رات کلب کے اندر کی جا رہی آتش بازی کی وجہ سے آگ لگ گئی تھی۔ ابتدائی تفتیش میں سامنے آیا ہے کہ کلب میں غیر قانونی تعمیرات کی گئی تھیں، راستے تنگ تھے اور سیفٹی معیارات کی مکمل طور پر خلاف ورزی کی گئی تھی۔ وزیراعلیٰ پرمود ساونت نے حادثے میں مرنے والے افراد کے لواحقین کو 5-5 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50,000 روپے امدادی رقم دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔