Thursday, April 02, 2026 | 13 شوال 1447
  • News
  • »
  • کاروبار
  • »
  • گوا نائٹ کلب سانحہ:انڈیگو بحران کے باوجود تھائی لینڈ کیسے فرار ہوئے کلب مالک،کیا پکڑا جانا مشکل ہے؟

گوا نائٹ کلب سانحہ:انڈیگو بحران کے باوجود تھائی لینڈ کیسے فرار ہوئے کلب مالک،کیا پکڑا جانا مشکل ہے؟

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: Dec 09, 2025 IST

گوا نائٹ کلب  سانحہ:انڈیگو بحران کے باوجود تھائی لینڈ کیسے  فرار ہوئے کلب مالک،کیا پکڑا جانا مشکل ہے؟
گوا کے ارپورہ میں واقع "برچ بائی رومیو لین" نائٹ کلب میں ہفتہ کی رات لگی بھیانک آگ کے بعد کلب کے مالک گورو اور سوربھ لوتھرا فرار ہو گئے۔ دونوں بھائیوں نے واقعے کے صرف 5 گھنٹے بعد ممبئی ایئرپورٹ سے انڈیگو کی فلائٹ لے کر تھائی لینڈ کے شہر فوکٹ روانہ ہو گئے اور ملک چھوڑ دیا۔ گوا پولیس کو یہ اطلاع تب ملی جب وہ دونوں کی تلاش میں دہلی گئے تھے۔ کیا اب لوتھرا برادران کا بچ نکلنا آسان ہو گیا؟ آئیے جانتے ہیں۔
 
لُک آؤٹ سرکلر جاری ہونے سے پہلے ملک چھوڑ دیا  :
 
جب پولیس افسران ان کے دہلی والے گھر پہنچے تو وہاں کوئی موجود نہ تھا۔ پولیس نے گھر پر نوٹس چسپاں کر دیا۔ اس کے بعد امیگریشن بیورو سے درخواست کر کے لُک آؤٹ سرکلر جاری کروایا گیا تاکہ وہ ملک چھوڑ نہ سکیں، لیکن دونوں بھائیوں نے سرکلر جاری ہونے سے پہلے ہی ملک چھوڑ دیا تھا۔ ممبئی ایئرپورٹ پر امیگریشن بیورو کو پتا چلا کہ دونوں ملزم اتوار کی صبح 5:30 بجے تھائی لینڈ کے لیے روانہ ہو چکے تھے۔
 
انڈیگو کے بحران کے باوجود تھائی لینڈ کیسے بھاگ نکلے؟  
 
پولیس نے اطلاع دی کہ دونوں بھائی تھائی لینڈ فرار ہونے کے لیے انڈیگو کی پرواز 6E-1073 میں سوار ہوئے۔ انڈیگو کے شدید بحران کے درمیان یہ فلائٹ منسوخ نہیں ہوئی، جس سے انہیں موقع مل گیا۔IndiGo نے روسٹرنگ کی وجہ سے زیادہ تر گھریلو پروازیں منسوخ کر دی تھیں، جس کی وجہ سے ہندوستان سے باہر پروازیں متاثر نہیں ہوئیں۔ دونوں تفتیش سے بچنا چاہتے تھے۔ تاہم پولیس نے ان کی گرفتاری کے لیے سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) اور انٹرپول سے رابطہ کیا ہے۔
 
کیا تھائی لینڈ بھاگ کر لوتھرا برادران بچ سکتے ہیں؟  
 
ماہرین کے مطابق اگر لوتھرا برادران تھائی لینڈ ہی میں چھپے رہے تو ان کی گرفتاری میں کچھ تاخیر ہو سکتی ہے، لیکن ناممکن نہیں۔ بھارت اور تھائی لینڈ کے درمیان 2013 میں دستخط شدہ اور 2015 سے نافذ العمل ایکسٹراڈیشن معاہدہ موجود ہے، جس کے تحت عمل درآمد تیز اور آسان ہے۔ تھائی لینڈ پہلے بھی کئی بھارتی مجرموں کو بھارت کے حوالے کر چکا ہے۔ بھارتی حکومت تھائی حکام کو درخواست بھیجتی ہے تو تھائی پولیس فوراً ملزم کو گرفتار کر سکتی ہے۔
 
اگر تھائی لینڈ سے آگے بھاگے تو پکڑنا مشکل؟  
 
تھائی لینڈ میں ان کی گرفتاری اور وہاں سے حوالگی نسبتاً آسان ہے، لیکن اگر وہ تھائی لینڈ سے کسی افریقی یا ایسے ملک چلے گئے جہاں بھارت کے ساتھ ایکسٹراڈیشن معاہدہ نہیں، تو پھر انہیں پکڑنا واقعی مشکل ہو جائے گا۔تھائی لینڈ میں گرفتاری کے بعد بھارت کو 45 سے 60 دن کے اندر چارج شیٹ اور ثبوتوں کے ساتھ مکمل درخواست بھیجنی پڑتی ہے۔ فی الحال گوا پولیس نے کوششیں تیز کر دی ہیں۔
 
نائٹ کلب میں 25 افراد ہلاک  :
 
7 دسمبر  ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات کلب میں  پٹاخوں کی وجہ سے آگ بھڑک اٹھی تھی، جس میں 25 افراد کی موت ہو گئی۔ تحقیقات میں پتا چلا کہ کلب میں غیر قانونی تعمیرات تھیں، راستے انتہائی تنگ تھے اور سیفٹی معیارات کی کھلی خلاف ورزی کی گئی تھی۔ ملزموں کے خلاف غیر ارادتا قتل سمیت کئی سنگین دفعات کے تحت ایف آئی آر درج ہے۔ اب تک کلب کے 5 افراد کوگرفتار کیا جا چکا ہے۔ گوا حکومت نے ہلاک شدگان کے لواحقین کو 5-5 لاکھ روپئے اور زخمیوں کو 50 ہزار روپئے امداد کا اعلان کیا ہے۔