ان دنوں مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے پیش نظر سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں ۔ اے آئی ایم آئی ایم کے صدر اسدالدین اویسی نے بنگال کے مرشد آباد علاقہ میں انتخابی مہم میں حصہ لیا ۔ اس دوران اسدالدین اویسی نے مرشد آباد میں انتخابی جلسہ سے خطاب کیا ۔ اپنے خطاب کے دوران انھوں نے بی جے پی اور ٹی ایم سی پر سخت تنقید کی ۔ اور کہا کہ ہم کمزور طبقات کی آواز بنیں گے ۔ اور کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے کام کریں گے ۔ اس موقع پر ہمایوں کبیر بھی موجود تھے ۔ عوام میں جوش و جذبہ دیکھا گیا ۔
دوسری جانب مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر کولکاتا پہنچ گئے ہیں۔ان کے اس دورے کو انتخابی مہم کے اہم مرحلے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جہاں وہ پارٹی حکمت عملی کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ دیں گے۔
الیکشن کمیشن اور بی جے پی پر ٹی ایم سی کی تنقید:
ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے نانور میں ایک جلسہ عام سے خطاب کیا ۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن اور بی جے پی مل کر ووٹر لسٹ سے نام خارج کرنے کی سازش کر رہے ہیں تاکہ اقتدار حاصل کیا جا سکے۔انہوں نے خبردار کیا کہ نئے طور سے تعینات افسران امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کر سکتے ہیں۔اس لیے امیدوار محتاط رہیں۔
وہیں کولکاتا میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر ترنمول کانگریس کے حامیوں نے احتجاج کیا۔مطاہرین نے الزام عائد کیا کہ فارم 6 کے ذریعے بیرونی افراد کے نام ووٹر لسٹ میں شامل کیے جا رہے ہیں۔جس سے انتخابی عمل متاثر ہو سکتا ہے۔
اس دوران ٹی ایم سی کے رکن پارلیمان ، ڈیرک اوبرائن نے کہا کہ ان کی پارٹی آزاد اور منصفانہ انتخابات کی حامی ہے۔اور انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے پر فوری کارروائی کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ووٹر لسٹ میں بے ضابطگیوں کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو کئی خط لکھے ۔لیکن اُن خطوط پر ابھی تک کوئی توجہ نہیں دی گئی ہے۔اور پارلیمنٹ سیشن ختم ہونے کو ہے لیکن الیکشن کمشنر آف انڈیا کو ہٹانے کی درخواست پر بھی کوئی ایکشن نہیں کیا گیا ہے ۔