بدھ کے روزعالمی اور ملکی منڈیوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں نے نئی تاریخی بلندیاں چھو لیں۔ امریکی ڈالر کی قدر میں نمایاں کمی، بڑھتی ہوئی جغرافیائی کشیدگی اور محفوظ سرمایہ کاری (Safe Haven) کی بڑھتی طلب کے باعث قیمتی دھاتوں میں زبردست خریداری دیکھی گئی۔
سونے اور چاندی کی قیمتیں نئی تاریخی بلندیاں چھولیں
ایم سی ایکس (MCX) پر فروری کے سونے کے فیوچر میں 2.97 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 11:30 بجے کے قریب 1,62,387 روپے فی 10 گرام پر پہنچ گیا۔ اسی طرح مارچ کی چاندی کے فیوچر میں 6.21 فیصد کا زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور قیمت 3,78,401 روپے فی کلوگرام تک جا پہنچی۔
عالمی منڈیوں میں بھی تیزی
عالمی منڈیوں میں بھی سونے اور چاندی کی قیمتوں میں تیزی دیکھنے کو ملی۔ امریکی پالیسیوں میں غیر یقینی صورتحال، نئے ٹیرف خدشات اور فیڈرل ریزرو پر امریکی انتظامیہ کی تنقید کے باعث سرمایہ کار محتاط نظر آئے۔
امریکی ڈالر چار سال کی کم ترین سطح پر
امریکی منڈی میں اپریل کے گولڈ فیوچر 5,200 ڈالر فی اونس سے تجاوز کر گئے۔ ماہرین کے مطابق، امریکی ڈالر چار سال کی کم ترین سطح پر آ گیا ہے، جس کی بڑی وجہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ڈالر کی مضبوطی سے متعلق خدشات کو کم اہمیت دینا ہے۔
سونے کی قیمت میں 20فیصد اضافہ
میہتا ایکویٹیز لمیٹڈ کے وی پی کموڈیٹیز راہل کالنتری کے مطابق، مرکزی بینکوں کی جانب سے مسلسل خریداری اور ای ٹی ایف میں مضبوط سرمایہ کاری کے باعث رواں سال سونے کی قیمتوں میں تقریباً 20 فیصد اضافہ ہو چکا ہے، جبکہ چاندی نے اس سے بھی بہتر کارکردگی دکھائی ہے۔
چاندی کی قیمتوں کومزید سہارا مل رہا ہے
ماہرین کا کہنا ہے کہ شمسی توانائی، الیکٹرک گاڑیوں، مصنوعی ذہانت (AI)، ڈیٹا سینٹرز اور الیکٹرانکس کے شعبوں میں مضبوط طلب کے باعث چاندی کی قیمتوں کو مزید سہارا مل رہا ہے۔ چاندی اس وقت 106.55 سے 113 ڈالر کی رینج میں استحکام کی حالت میں ہے، جبکہ حالیہ بلند سطح 115.42 ڈالر رہی ہے۔
ایف او ایم سی (FOMC) کے دو روزہ اجلاس میں اگرچہ شرح سود برقرار رہنے کی توقع ہے، تاہم مارکیٹ میں اس سال کے آخر میں کم از کم دو مرتبہ شرح سود میں کمی کی امید کی جا رہی ہے۔
تکنیکی تجزیے کے مطابق:
سونے کی سپورٹ 1,55,050 سے 1,53,310 روپے کے درمیان ہے، جبکہ ریزسٹنس 1,59,850 اور 1,61,950 روپے پر ہے۔
چاندی کی سپورٹ 3,44,810 اور 3,37,170 روپے جبکہ ریزسٹنس 3,61,810 اور 3,65,470 روپے کے قریب دیکھی جا رہی ہے۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ جب تک امریکی ڈالر دباؤ میں رہے گا، سونے اور چاندی کی قیمتوں میں مجموعی رجحان مثبت ہی رہے گا۔