بھارت میں سونے کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوا ہے ۔ پہلی بار 24 کیرٹ سونے کے 10 گرام کی قیمت ایک لاکھ روپے سے تجاوز کر گئی۔گزشتہ کچھ عرصے سے سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔بتا دیں کہ 10 گرام سونے کی قیمت پیر کو 99,330 روپے تھی لیکن منگل تک اس میں 2,470 سے روپے کا بھاری ضافہ ہوا جس کے بعد ملک میں پہلی مرتبہ سونے کی قیمت فی تولہ ایک لاکھ روپیوں سے زیادہ ہوگئی۔ ملک میں آج سونے کی قیمت فی تولہ 1,01,800 ہوگئی جبکہ چاندی کی فی کلو قیمت ایک ہزار روپے اضافہ کے بعد 98,733 روپے ہوگئی۔
ہر شہر میں سونا 10,000 روپے فی گرام سے زیادہ:
اب ملک کے تقریباً تمام بڑے شہروں میں 1 گرام خالص سونے کی قیمت 10 ہزار روپے سے اوپر پہنچ گئی ہے۔دہلی میں سب سے زیادہ قیمت 10,150 روپے فی گرام ریکارڈ کی گئی ۔ ممبئی، کولکتہ ، چنئی، نوئیڈا، گروگرام اور بنگلورو جیسے شہروں میں یہ 10,135 روپے ہے۔ اتنی زیادہ قیمتوں نے صارفین کو حیران کر دیا ہے۔ کچھ لوگ اب سونا خریدنے سے باز آ رہے ہیں، جبکہ دوسرے اسے سرمایہ کاری کا موقع سمجھ رہے ہیں۔
ساتھ ہی بتا دیں کہ حیدرآباد میں دس گرام سونے کی قیمت 1,01,800 روپے جبکہ ایک کلو چاندی کی قیمت 98,733 روپے ہے۔ اسی طرح وجئے واڑہ میں دس گرام سونے کی قیمت 1,01,800 روپے جبکہ ایک کلو چاندی کی 98,733 روپے ہے۔ اس دوران بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ پیر کو ایک اونس سونے کی قیمت 3,377 ڈالر تھی لیکن منگل کو 109 ڈالر بڑھ کر 3,486 ڈالر ہوگئی۔ چاندی کی موجودہ قیمت 32.82 ڈالر فی اونس ہے۔
دنیا بھر میں مسائل کے باعث سونے کی مانگ میں اضافہ :
بین الاقوامی بازاروں میں جاری اتار چڑھاؤ اور ڈالر کی کمزوری کے باعث سونے کی مانگ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی کشیدگی اور معاشی سست روی کے خوف نے سرمایہ کاروں کو محتاط کر دیا ہے۔ اب لوگ شیئر یا غیر ملکی کرنسی کے بجائے سونے میں پیسہ لگانا زیادہ محفوظ سمجھ رہے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ سونے کی قیمتیں نہ صرف ہندوستان بلکہ پوری دنیا میں نئے ریکارڈ بنا رہی ہیں۔