Wednesday, August 06, 2025 | 12, 1447 صفر
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • اقلیتی برادریوں کو سماجی، اقتصادی اور تعلیمی طور پر بااختیار بنانے کے لیے حکومت سرگرم: کرن رجیجو

اقلیتی برادریوں کو سماجی، اقتصادی اور تعلیمی طور پر بااختیار بنانے کے لیے حکومت سرگرم: کرن رجیجو

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Aug 05, 2025 IST     

image
مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور و پارلیمانی امور کرن رجیجو نےمنگل کو راجیہ سبھا میں ایک تحریری جواب کے ذریعے بتایا کہ حکومت ہند اقلیتی برادریوں، بالخصوص معاشی طور پر کمزور اور پسماندہ طبقوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے مختلف وزارتوں کے اشتراک سے کئی اہم اسکیمیں نافذ کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزارتِ اقلیتی امور کے ساتھ ساتھ وزارتِ ہنرمندی، سماجی انصاف، ٹیکسٹائل، ثقافت، خواتین و اطفال بہبود، اور دیہی ترقیات جیسے ادارے بھی اقلیتوں کو بااختیار بنانے کے لیے اپنی سطح پر سرگرم ہیں۔

اقلیتی برادریوں کے لیے مخصوص اقدامات:

وزیر موصوف نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے مطلع شدہ 6 اقلیتی برادریوں — مسلم، سکھ، عیسائی، بدھ، پارسی اور جین — کی سماجی، اقتصادی اور تعلیمی ترقی کے لیے درج ذیل اہم اسکیمیں نافذ العمل ہیں:

تعلیمی وظائف اسکیمیں:

اقلیتی طلبہ کو پری میٹرک، پوسٹ میٹرک اور میرٹ کم مینس اسکالرشپس کے ذریعے تعلیم میں مدد دی جا رہی ہے تاکہ وہ تعلیمی میدان میں ترقی پا سکیں۔

ہنرمندی اور تربیت کی فراہمی:

پردھان منتری وراثت کا سموردھن (PM VIKAS) پروگرام کے تحت اقلیتی نوجوانوں کو مختلف ہنر سکھائے جا رہے ہیں تاکہ وہ خود کفیل بن سکیں۔

بنیادی ڈھانچے کی ترقی:

اقلیتی علاقوں میں فلاحی انفرااسٹرکچر کو فروغ دینے کے لیے پردھان منتری جن وکاس کاریہ کرم (PMJVK) نافذ کیا گیا ہے، جس کے تحت اسکول، اسپتال، سڑکیں اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

قرض و مالی تعاون:

قومی اقلیتی ترقیاتی و مالیاتی کارپوریشن (NMDFC) کے ذریعے اقلیتی افراد کو خود روزگار کے لیے آسان شرائط پر قرض دیا جا رہا ہے۔

 شکایات کا ازالہ بھی حکومت کی ترجیح:

وزیر نے مزید بتایا کہ اقلیتوں کے قومی کمیشن (NCM) کو 1992 کے ایکٹ کی دفعہ 9(d) کے تحت یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ اقلیتی افراد کی شکایات کو متعلقہ حکام تک پہنچا کر ان کا حل نکالے۔ اقلیتی امور کی وزارت اور اس سے وابستہ ادارے بھی موصول ہونے والی شکایات پر بروقت کارروائی کرتے ہیں۔ بی جے پی زیر قیادت حکومت یہ کوششیں  کر رہی  ہے کہ وہ ملک کی اقلیتی برادریوں کو قومی دھارے میں لانے اور ان کی سماجی و معاشی حالت بہتر بنایا جا سکے۔ تاکہ  اقلیتوں کو تعلیم، روزگار اور فلاحی سہولیات کی فراہمی سے ان کے لیے ایک روشن مستقبل کی راہیں کھل سکتی ہیں۔