Sunday, August 31, 2025 | 08, 1447 ربيع الأول
  • News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • تلنگانہ:بی سی ریزرویشن بل اسمبلی میں منظوری؛بلدی انتخابات میں بی سیز کو 42 فیصد تحفظات فراہم کرنے حکومت کا اعلان

تلنگانہ:بی سی ریزرویشن بل اسمبلی میں منظوری؛بلدی انتخابات میں بی سیز کو 42 فیصد تحفظات فراہم کرنے حکومت کا اعلان

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Aug 31, 2025 IST     

image
تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کا چھٹا اجلاس ہفتہ کے روز شروع ہوا ۔ پہلے دن تعزیتی قرارداد کی پیشکشی کے بعد کاروائی ملتوی کردی گئی تھی۔  آج دوسرے دن کاروائی کے آغاز کے ساتھ ہی کالیشورم پراجکٹ اور بی سی ریزرویشن پر بحث ہوئی۔کاروائی کے آغاز کے ساتھ ہی حکومت نے کالیشورم پراجکٹ سے متعلق جسٹس پی سی گھوش کی رپورٹ پیش کی۔ اس رپورٹ کی کاپیاں تمام ایم ایل ایز کو پین ڈرائیوز کی شکل میں دی گئیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 3 ڈیموں کی منصوبہ بندی اور تعمیر میں مکمل خامیاں پائی گئی ہیں۔اس کے علاوہ تخمینوں کی تیاری اور انتظامی اجازتوں میں غلطیوں کو ظاہر کیاگیا۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بیرج مکمل طور پر اس وقت کے چیف منسٹر کے سی آر کے فیصلے کے مطابق تعمیر کیے گئے ۔اس دوران اپوزیشن جماعت بی آر ایس نے پی سی گھوش کمیٹی کی رپورٹ پر اعتراض کرتے ہوئے ہنگامہ کھڑاکیا۔ 
 
بی سی ریزرویشن بل منظور:
 
ریاستی حکومت کی جانب سے اسمبلی میں آج بی سی ریزرویشن بل پیش کیاگیا جسے اسمبلی میں منظور کرلیاگیا۔ اس کے فوری بعد حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ تلنگانہ میں بلدیاتی انتخابات میں بی سی کو 42 فیصد ریزرویشن فراہم کرے گی۔ اس کی سہولت کیلئے قانون ساز اسمبلی میں ایک بل پیش کیا گیا جس میں تلنگانہ میونسپل ایکٹ 2019 میں ترمیم کی گئی۔ وزیر سریدھر بابو نے دوسرے دن جاری اسمبلی اجلاس کے ایک حصے کے طور پر میونسپل ایکٹ ترمیمی بل پر بحث کے دوران اس کی وضاحت کی۔سریدھر بابو نے وضاحت کی کہ یہ بل بلدیاتی انتخابات میں بی سی کو ریزرویشن فراہم کرنے کے مقصد سے ایوان کے سامنے لایا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ قانون ساز اسمبلی کا اجلاس جاری ہے اس لیے آرڈیننس جاری کرنے کا کوئی امکان نہیں اس لیے قانون میں ترمیم کے ذریعے یہ عمل مکمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس بل کی منظوری سے آنے والے بلدیاتی انتخابات میں بی سی کیلئے 42 فیصد کوٹہ نافذ ہو جائے گا۔
 
مردم شماری کانگریس حکومت کا رنامہ:چیف منسٹر 
 
بتا دیں کہ اسمبلی اجلاس کے آغاز کے ساتھ ہی ایوان میں بی سی ریزرویشن پر بحت ہوئی۔ اس بحث میں حصہ لیتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہاکہ تلنگانہ حکومت نے ذات پات کی مردم شماری کروائی جو گذشتہ سو سالوں میں نہیں ہوئی تھی۔ چیف منسٹر نے سابق چیف منسٹر کے سی آر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ اگر کے سی آر میں کمزور طبقات کے ساتھ انصاف کرنے کا اخلاص ہوتا تو وہ آج اسمبلی میں نظر آتے۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی نے وہ کام کیا آج سے پہلے کسی پارٹی نے نہیں کیا۔ چیف منسٹر نے بی آر ایس ایم ایل اے گنگولاکملاکر کو مشورہ دیاکہ وہ اپنی پارٹی کے بڑے لیڈروں سے گھبرائے بغیر اس بل کی تائید کریں۔ ریونت ریڈی نے مزید کہاکہ نیک نیتی کے ساتھ لائے گئے بل کا سبھی جماعتوں کی جانب سے خیر مقدم کیا جانا چاہیے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ بی سی تحفظات کے معاملہ میں ہم نے وزیراعظم کو پانچ مرتبہ خط لکھا لیکن ہمیں کوئی جواب نہیں ملا۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہاکہ بی آر ایس کا نظریہ کمزور طبقات کیلئے ریزرویشن بل پاس کرنا نہیں ہے۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ بی آر ایس بی سی تحفظات میں رکاوٹ پیدا کررہی ہے۔