تلنگانہ حکومت نے چارمینار کے قریب آتشزدگی کے حادثہ کی تحقیقات کے لئے سینئر عہدیداروں کی چھ رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے اس حادثہ میں 17 لوگوں کی موت ہوئی تھی۔ جانچ کمیٹی کو آگ لگنے کی وجہ اور ریسکیو اور ریلیف کے لیے مختلف محکموں کی جانب سے کیے گئے اقدامات کی تحقیقات کرنے اور رپورٹ پیش کرنے کو کہا گیا ہے۔حکومت نے پینل سے یہ بھی کہا ہے کہ وہ مستقبل میں اس طرح کے حادثات کی روک تھام کے لیے اقدامات اورتجاویز پیش کرے۔ تلنگانہ کے وزیر ٹرانسپورٹ اور حیدرآباد کے انچارج وزیر پونم پربھاکر، نے منگل کو ہا ئی لیول جانچ کمیٹی کا اعلان کیا۔
تحقیقاتی کمیٹی میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی ) کمشنرآر وی کرنن، ضلع حیدرآباد کلکٹر اندیپ دوریشٹی، حیدرآباد پولیس کمشنر سی وی آنند، فائر سروسز کے ڈائرکٹر جنرل ناگی ریڈی، حیدرآباد ڈیزاسٹر ریسپانس اینڈ ایسٹ پروٹیکشن ایجنسی (ہائیڈرا) کمشنر اے وی رنگناتھ اور چیئرمین اور منیجنگ ڈائرکٹر، تلنگانہ اسٹیٹ پی ڈی سی ایل مشرف علی فاروقی شامل ہیں۔
کمیٹی کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد چیف منسٹر اے ریونت ریڈی اور ڈپٹی چیف منسٹر مالو بھٹی وکرمارکا اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کریں گے تاکہ اس طرح کے حادثات کو روکنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر فیصلہ کیا جاسکے۔واضح رہےکہ تلنگانہ کےوزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے اتوار کو چارمینار کے قریب گلزار حوض کے پاس ایک عمارت میں لگنے والی آگ کی مکمل جانچ کا حکم دیا ہے ۔سی ایم ریونت ریڈی نے اس بات پر زور دیا کہ مستقبل میں آتشزدگی کے اس طرح کے حادثات کو روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کی جانی چاہیے اور لوگوں میں بیداری بھی پیدا کی جانی چاہیے۔ واضح رہے کہ تلنگانہ کے نائب وزیراعلیٰ وکرمارکا اور وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے اسی دن جائے حادثہ کا دورہ کیا تھا۔بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) کے کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ، نے پیر کے روز متوفی کے اہل خانہ کو تسلی دی، چیف منسٹر کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
ادھر گلزار حوض آتشزدگی کے واقعے پر ریاستی انسانی حقوق کمیشن سنجیدہ ہوگیا ہے۔کمیشن نے اس معاملے میں سوموٹو ایکشن لیا ہے۔ حادثے کی جگہ پر حفاظت کی کمی، بجلی کے رہنما خطوط کے بارے میں میڈیا رپورٹنگ میں مختلف کہانیوں کے بعد کمیشن نے نوٹس لیا ہے۔ ایچ آر سی نے متعلقہ حکام ۔چیف سکریٹری , کمشنر پولیس،, فائر ڈی جی ، محکمہ ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل ۔ کو اس معاملے پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔
تلنگانہ حکومت نے چارمینار کے قریب گلزار حوض میں پیش آئے خوفناک آتشزدگی کے واقعہ میں فوت ہونے والے 17 افراد کے ارکان خاندان کو فی کس 5 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔آگ عمارت میں لگی جس کے گراؤنڈ فلور پر دکانیں تھیں جبکہ اوپر کی دو منزلوں پر تاجر خاندان 125 سال سےمقیم تھا۔