حج کمیٹی آف انڈیا نے اعلان کیا ہے کہ حج 2026 کے لیے درخواست دینے کا عمل باضابطہ طور پر شروع ہو گیا ہے۔ ملک بھر کے عازمین حج آن لائن درخواستیں7 جولائی سے دے سکتے ہیں، جس کی آخری تاریخ 31 جولائی 2025 مقرر کی گئی ہے۔
درخواست داخل کرنے کا طریقہ
عازمین حج کے لیے درخواست داخل کرنے کا مکمل عمل آن لائن کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد آسانی سے رجسٹریشن کرا سکیں۔ عازمین حج اپنی درخواستیں سرکاری حج پورٹل https://hajcommittee.gov.in کے ذریعے یا "حج سویدھا" موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے جمع کرا سکتے ہیں۔ جو آئی او ایس اور اینڈرائڈ دونوں صارفین کے لیے دستیاب ہے ۔
درخواست کس طرح دیں:
1. حج کمیٹی آف انڈیا کی سرکاری ویب سائٹ [www.hajcommittee.gov.in](http://www.hajcommittee.gov.in) پر جائیں۔
2. ’Apply Online for Haj 2026‘ پر کلک کریں۔
3. نیا اکاؤنٹ رجسٹر کریں یا پہلے سے موجود اکاؤنٹ میں لاگ ان کریں۔
4. آن لائن فارم میں تمام مطلوبہ معلومات (نام، پتہ، آدھار نمبر، پاسپورٹ تفصیلات، موبائل نمبر، وغیرہ) درست طریقے سے درج کریں۔
5. مطلوبہ دستاویزات کی اسکین شدہ کاپی اپلوڈ کریں۔
6. فارم جمع کرانے کے بعد رسید یا acknowledgment محفوظ رکھیں۔
درخواست دینے کے لیے رہنما اصول
حج 2026 کے لیے درخواست دینے والے افراد کے لیے کچھ اہم شرائط اور رہنما اصول مقرر کیے گئے ہیں:
درخواست دہندہ کا صحت مند اور سفر کے قابل ہونا ضروری ہے۔
درخواست دہندہ کے پاس کم از کم 31 دسمبر 2026 تک کارآمد پاسپورٹ ہونا چاہیے۔
کم از کم عمر 18 سال اور زیادہ سے زیادہ 70 سال مقرر کی گئی ہے (استثنائی حالات میں الگ اجازت نامہ درکار ہوگا)۔
عورتیں بغیر محرم کے (45 سال سے زائد عمر کی خواتین گروپ میں) بھی جا سکتی ہیں، بشرطیکہ گروپ میں کم از کم 4 خواتین شامل ہوں۔
تمام عازمین کو کوئی بڑا طبی مسئلہ نہ ہونے کا سرٹیفکیٹ دینا ہوگا۔
ترجیح ان افراد کو دی جائے گی جنہوں نے پہلے حج نہ کیا ہو۔
اہم ہدایات
درخواست صرف آفیشل ویب سائٹ کے ذریعے ہی دی جائے گی۔
آخری تاریخ کے بعد کوئی درخواست قبول نہیں کی جائے گی۔
عازمین کو آن لائن فارم بھرنے میں دشواری ہو تو قریبی حج کمیٹی دفاتر یا مقامی حج سہولت مراکز سے رہنمائی حاصل کرنی چاہیے۔
درخواست کے ساتھ پاسپورٹ، آدھار کارڈ، میڈیکل سرٹیفکیٹ اور حالیہ فوٹو لازمی اپلوڈ کرنا ہوگا۔
قرعہ اندازی سے ہوگا انتخاب
درخواستوں کے بعد حاجیوں کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا، جس کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ منتخب افراد کو بذریعہ SMS، ای میل اور ویب سائٹ کے ذریعے اطلاع دی جائے گی۔حج 2026 کے لیے آن لائن درخواست کا یہ موقع تمام ہندوستانی مسلمانوں کے لیے ایک سنہری موقع ہے۔ جو افراد مقدس سرزمین کی زیارت کا ارادہ رکھتے ہیں، انہیں جلد از جلد اپنی درخواست مکمل کر کے آخری تاریخ سے پہلے جمع کرا دینی چاہیے۔
مزید تفصیلی ہدایات کے لئے، ویب سائٹ سے رابطہ کریں https://hajcommitte.gov.in.