منصف ٹی وی کے خصوصی پروگرام ’ہیلتھ اور ہم‘ میں آج
Understanding Preterm Babies: Care, Growth & Early Support Awareness
قبل ازوقت بچوں کی پیدائش، نگہداشت، نشوونما اور ابتدائی مدد ،کے موضوع پر اہم گفتگو کی گئی۔ پروگرام میں ماہر نومولود بچوں کے ڈاکٹر ایس تیجسوی ریڈی، کنسلٹنٹ رینبو ہاسپٹل، حمایت نگر، حیدرآباد نے قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں (پری ٹرم بےبیز) کی دیکھ بھال، ان کی نشوونما اور ابتدائی طبی مدد کے حوالے سے تفصیلی معلومات فراہم کیں۔
ڈاکٹرتیجسوی ریڈی نے بتایا کہ جو بچے حمل کے مقررہ وقت سے پہلے پیدا ہوتے ہیں، انہیں خصوصی نگہداشت کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ ان کے جسم کے کئی اعضاء، خاص طور پر پھیپھڑے، دماغ، قوت مدافعت اور ہاضمہ مکمل طور پر تیار نہیں ہوتے۔ ایسے بچوں کی مناسب نگرانی اور بروقت علاج ان کی صحت مند زندگی کے لیے نہایت اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کے والدین کو گھبرانے کے بجائے ماہر ڈاکٹروں کی ہدایات پر عمل کرنا چاہیے۔ جدید طبی سہولیات، نوزائیدہ بچوں کے آئی سی یو ( این آئی سی یو ) اور مسلسل طبی نگرانی کے ذریعے ایسے بچے بہتر نشوونما حاصل کر سکتے ہیں۔
پروگرام کے دوران انہوں نے بتایا کہ قبل از وقت پیدائش والے بچوں میں وزن کم ہونا، سانس لینے میں دشواری، انفیکشن کا خطرہ اور دودھ پینے میں مشکلات عام مسائل ہو سکتے ہیں۔ تاہم، مناسب غذائیت، ماں کا دودھ، باقاعدہ طبی معائنہ اور ابتدائی عمر میں ضروری تھراپی کے ذریعے ان مسائل کو کافی حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔
ڈاکٹر ریڈی نے والدین کو مشورہ دیا کہ وہ بچوں کی نشوونما کے مراحل پر نظر رکھیں اور اگر بچے کی حرکت، بولنے، دیکھنے یا سیکھنے کی صلاحیت میں تاخیر محسوس ہو تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ انہوں نے کہا کہ ارلی سپورٹ اور ارلی انٹرونشن بچے کے مستقبل کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کی کامیابی کی کہانیوں میں خاندان کا تعاون، مثبت رویہ اور مسلسل دیکھ بھال بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
منصف ٹی وی کا پروگرام ’ہیلتھ اور ہم‘ عوام کو صحت سے متعلق اہم معلومات فراہم کرنے کا ایک مؤثر پلیٹ فارم ہے، جہاں ماہرین صحت عام لوگوں کو مختلف طبی مسائل کے بارے میں آگاہی فراہم کرتے ہیں۔ قارئین آپ ڈاکٹر ایس تیجسوی ریڈی کی مکمل بات چیت کا ویڈیو یہاں دیکھ سکتےہیں۔