منصف ٹی وی کے مقبول خصوصی پروگرام "ہیلتھ اور ہم" میں آج بالغ افراد کے لیے ویکسینیشن کی اہمیت پر ایک خصوصی گفتگو کی گئی۔ جس کا موضوع بالغوں کی ویکسینیشن گائیڈ: بالغوں کے لیے بھی ویکسین کیوں اہم ہیں۔
(Adult Vaccination Guide: Why Vaccines Are Important for Adults Too)تھا۔ پروگرام میں معروف طبی ماہر ڈاکٹر سدھیر پرساد نے بالغ افراد میں ویکسین کی ضرورت، فوائد اور صحت کے تحفظ کے حوالے سے اہم معلومات فراہم کیں۔
ڈاکٹر سدھیر پرساد نے بتایا کہ عام طور پر ویکسین کو صرف بچوں کی صحت سے جوڑا جاتا ہے، لیکن حقیقت میں بالغ افراد کے لیے بھی ویکسینیشن اتنی ہی اہم ہے۔ عمر بڑھنے کے ساتھ جسم کا مدافعتی نظام کمزور ہوسکتا ہے، جس کی وجہ سے مختلف انفیکشنز کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ ایسے میں بروقت ویکسین بیماریوں سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بالغ افراد کو اپنی عمر،صحت کی صورتحال، پیشہ، طرز زندگی اور ماضی کی ویکسینیشن ہسٹری کے مطابق ویکسین کے بارے میں اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کرنا چاہیے۔ خاص طور پر بزرگ افراد، دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد اور کمزور مدافعتی نظام رکھنے والے لوگوں کے لیے ویکسینیشن زیادہ اہم ہو جاتی ہے۔
پروگرام کے دوران مختلف اہم ویکسینز کا بھی ذکر کیا گیا، جن میں فلو ویکسین، کووڈ ویکسین، ہیپاٹائٹس ویکسین، ٹیٹنس، نمونیا سے بچاؤ کی ویکسین اور دیگر حفاظتی ٹیکے شامل ہیں۔ ڈاکٹر پرساد نے واضح کیا کہ ویکسین نہ صرف فرد کو بیماری سے بچاتی ہیں بلکہ بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہیں۔
انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ ویکسین کے بارے میں غلط فہمیوں اور افواہوں پر توجہ نہ دیں بلکہ مستند طبی ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت مند زندگی کے لیے متوازن غذا، ورزش اور باقاعدہ طبی معائنوں کے ساتھ ویکسینیشن بھی ایک اہم حفاظتی قدم ہے۔
قارئین آپ ڈاکٹر سدھیر پرساد کی مکمل بات چیت اس ویڈیو میں دیکھ سکتےہیں۔