ملک بھر میں شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ کئی ریاستوں میں بھاری بارش کی وجہ سے کئی سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئی ہیں جبکہ نشیبی علاقوں میں بھی پانی داخل ہوگیاہے۔ قومی دارالحکومت نئی دہلی میں بھی کل سے شدید بارش جاری ہے۔ بارش کی وجہ سے دہلی میں ٹریفک جام کا مسئلہ پیدا ہوگیا ۔ دہلی کے کئی علاقوں میں پانی بھر جانے کی وجہ سے اسکول کے بچوں سے لے کر دفتر جانے والوں تک لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑاہے۔
اس دوران محکمہ موسمیات نے آنے والے دنوں میں مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ ادھر دوسری جانب بارش کے بعد بارش کے بعد دہلی کے سنگم وہار، ایم بی روڈ، مہرولی۔بدر پور روڈ، کیلاش کالونی، آئی ٹی او اور این ایچ۔8 جیسے علاقوں میں گاڑیوں کا جانا مشکل ہوگیاہے۔ کئی مقامات پر پانی کھڑا ہونے سے گاڑیاں پھنس گئیں اور لوگ پیدل چلنے پر مجبور ہوگئے۔ حزب اختلاف عام آدمی پارٹی نے اس صورتحال پر حکمراں بی جے پی پر تنقید کی۔
ان ریاستوں میں موسلادھار بارش ہوگی:
جموں و کشمیر میں آج گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ ساتھ ہی پنجاب اور ہریانہ میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
راجستھان میں بھی آج بارش ہونے کا امکان ہے۔ راجستھان کے جے پور، بھرت پور، اجمیر، ادے پور اور کوٹا ڈویژن کے کچھ حصوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش کی توقع ہے۔ کوٹہ اور بھرت پور ڈیویژن میں بعض مقامات پر درمیانی سے بھاری بارش ہوسکتی ہے۔
بہار میں موسلادھار بارش کی وارننگ:
بہار کے 12 اضلاع بشمول ارریہ، پورنیہ، بیگوسرائے، کشن گنج، لکھیسرائے، مونگیر، جموئی، گیا، جہان آباد، نوادہ، بنکا اور بھاگلپور میں موسلادھار بارش، آسمانی بجلی اور گرج چمک کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں 3 سے 5 ڈگری کی کمی دیکھی جا سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی جھارکھنڈ کے کچھ مقامات پر موسلادھار بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔
ممبئی میں ہلکی بارش متوقع ہے:
مہاراشٹر کی بات کریں تو آج ممبئی میں ہلکی بارش ہوگی۔ ممبئی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سیلسیس ہوسکتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی گجرات میں آنے والے دنوں میں شدید بارش کا امکان ہے۔