Thursday, August 28, 2025 | 05, 1447 ربيع الأول
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • ملک کی متعدد ریاستوں میں موسلادھار بارش، آئندہ چوبیس گھنٹوں میں مزید بارش کی پیش قیاسی

ملک کی متعدد ریاستوں میں موسلادھار بارش، آئندہ چوبیس گھنٹوں میں مزید بارش کی پیش قیاسی

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Aug 26, 2025 IST     

image
گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک کی کم از کم 14 ریاستوں میں موسلادھار بارش نے زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ ہماچل پردیش، راجستھان اور جموں و کشمیر میں صورتحال سنگین ہے کیونکہ یہاں  ندیاں اور نالے بہہ رہے ہیں۔ ٹوٹی پھوٹی سڑکوں اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے نقل و حرکت میں بھی خلل پڑا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق راجستھان میں مزید ایک ہفتے تک بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔ منگل سے اتر پردیش میں مانسون کی سرگرمیاں کم ہوسکتی ہیں لیکن مدھیہ پردیش، گجرات، بہار، آسام اور  اوڈیشہ میں پانچ سے سات دنوں تک بھاری بارش ہوسکتی ہے۔
 
اس کے علاوہ آج اتراکھنڈ کے پہاڑی اضلاع میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ موسمیاتی مرکز نے دہرادون سمیت اترکاشی، چمولی، رودرپریاگ، باگیشور اور پتھورا گڑھ اضلاع کے کچھ علاقوں میں بھاری سے بہت بھاری بارش کیلئے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ دیگر اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ 

ہماچل میں چار عقیدت مندوں کی موت:

ہماچل پردیش کے اونا، چمبا، کلو، منڈی، کانگڑا اور بلاس پور، سولن، ہمیر پور میں منگل کو اسکول بند رکھنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ اتوار اور پیر کو ریاست میں شدید بارش کے دوران 47 کنکریٹ اور 98 کچے مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ پنجاب سے چار عقیدت مندوں کی موت کے بعد منی مہیش یاترا کو غیر معینہ مدت کے لیے روک دیا گیا ہے۔ 2000 سے زیادہ عقیدت مند اب بھی درمیان میں پھنسے ہوئے ہیں۔ تاہم تمام محفوظ مقامات پر ہیں۔ پیر کو ہماچل کے کانگڑا، بلاس پور، کلو، ہمیر پور، منڈی، سرمور میں موسلادھار بارش ہوئی۔ نور پور میں ڈوبنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ 

راجستھان میں بارش سے عوامی زندگی مفلوج: 

راجستھان کے بیشتر اضلاع میں گزشتہ چند دنوں سے ہو رہی بارش نے نظام زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ کئی مقامات پر حالات اتنے گھمبیر ہو گئے کہ فوج کو مدد اور امدادی کاموں کی ذمہ داری سنبھالنی پڑی۔ فضائیہ نے ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے اپنے طیارے بھی تعینات کر دیے۔ ان دنوں کوٹہ، بنڈی، سوائی مادھوپور اور جھالاواڑ اضلاع میں صورتحال سب سے زیادہ سنگین ہے۔ ہڈوتی کے علاقے میں طوفانی بارشوں سے جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ کئی دیہات مکمل طور پر زیر آب آگئے ہیں اور کئی مقامات سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ راجستھان میں مون سون کے موسم میں بارش سے متعلقہ حادثات میں اب تک 91 افراد اپنی جان گنوا چکے ہیں۔