مہاراشٹر کے ضلع رائے گڑھ میں ایک انتہائی دردناک سڑک حادثہ پیش آیا ہے۔ یہاں سیاحوں سے بھری ایک تیز رفتار اسکورپیو کار بے قابو ہو کر تقریباً 700 فٹ گہری کھائی میں جا گری۔ اس ہولناک حادثے میں کار میں سوار تمام 8 نوجوان موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ یہ افسوسناک واقعہ آج رات تقریباً 2:45 بجے مہابلیشور اور پولاد پور کے درمیان پیش آیا۔ پولیس اور مقامی ریسکیو ٹیموں نے سخت جدوجہد کے بعد تمام لاشوں کو کھائی سے نکال کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔
موڑ کاٹتے ہوئے کار سے کنٹرول کھو گیا:
عینی شاہدین کے مطابق، انہوں نے اندھیرے میں اسکورپیو کار کو توازن کھو کر کھائی میں گرتے دیکھا اور فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ بتایا جا رہا ہے کہ گھاٹ کے ایک انتہائی خطرناک موڑ پر ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور کار سیدھی گہری کھائی میں چلی گئی۔ کار کے گرتے وقت اس میں سوار نوجوانوں کی چیخ و پکار دور تک سنی گئی، لیکن گہرائی زیادہ ہونے کی وجہ سے کوئی کچھ نہ کر سکا۔
اس دلدوز حادثے نے سال 2018 میں اسی گھاٹ پر ہونے والے سانحے کی یاد تازہ کر دی، جب داپولی زرعی یونیورسٹی کی ایک بس کھائی میں گرنے سے درجنوں افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔
دوربین اور رسیوں کی مدد سے نکالی گئیں لاشیں:
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولاد پور پولیس، انتظامیہ کے اعلیٰ حکام، مہابلیشور ٹریکرز، پرتاپ گڑھ ریسکیو ٹیم، ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے رضاکار اور مقامی لوگ بڑی تعداد میں موقع پر پہنچ گئے۔ کھائی انتہائی گہری اور راستہ انتہائی دشوار گزار ہونے کی وجہ سے امدادی کاروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پولیس کو لاشوں اور گاڑی کے ملبے کا پتہ لگانے کے لیے باقاعدہ دوربین (Binoculars) کا استعمال کرنا پڑا۔ بعد ازاں، ریسکیو ٹیم کے ارکان نے رسیوں کی مدد سے کھائی میں اتر کر تمام 8 لاشوں کو ایک ایک کر کے سڑک تک پہنچایا۔
تمام ہلاک شدگان ایک ہی گاؤں کے رہائشی تھے:
پولیس کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق، کار میں سوار تمام آٹھوں نوجوان ستارا ضلع کے کورے گاؤں تعلقہ کے اسگاؤں کے رہنے والے تھے اور آپس میں گہرے دوست تھے۔ وہ کونکن کے علاقے میں اپنی چھٹیاں گزارنے کے بعد واپس اپنے گھر ستارا جا رہے تھے کہ راستے میں ہی موت کا شکار ہو گئے۔
ہلاک ہونے والے نوجوانوں کی شناخت ،مہیش انیل پوار (25 سال)،آدتیہ اشوک سالونکھے (21 سال)،رتیش راجیندر لوکھنڈے (25 سال)،سوہاس جیتیندر لوکھنڈے (20 سال)،انش سمیر چوان (18 سال)،اتکرش آنند شنگٹے (21 سال)،انیل ابھیمنیو شنگٹے (25 سال)اور نتن کسن نائیکونڈے (35 سال) کے طور پر ہوئی ہے۔
اس واقعے کے بعد اس گاؤں میں کہرام مچ گیا ہے اور پورے علاقے میں سوگ کا ماحول ہے۔ پولیس نے حادثے کا مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔