تلنگانہ: پہلگام میں 22 اپریل کو ہوئے دہشت گردانہ حملے کے بعد مرکزی حکومت نے ملک کے مختلف علاقوں میں آج سیکوریٹی موک ڈرل منعقد کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ اس سلسلہ میں آج شام 4 بجے پورے حیدرآباد میں سائرن آن کئے جائیں گے۔ پولیس، فائر، میڈیکل اور صنعتی محکمے اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ شہر کے تمام سائرن ایک ساتھ 2 منٹ کیلئے شروع ہوں۔اس سلسلہ میں عوام کیلئے ہدایات جاری کئے گئے ہیں۔
موک ڈرل کے ذریعہ رہائشیوں کو ہنگامی صورتحال سے نپٹنے سے آگاہ کیا جائے گا کہ کس طرح سے محفوظ پناہ گاہ میں منتقل ہونا، بجلی اور گیس کے آلات کو بند کرنا، اور مزید ہدایات دیے جانے تک گھر کے اندر رہنا شامل ہے۔ حکام نے عوام کو سختی سے مشورہ دیا ہے کہ وہ صرف سرکاری ذرائع سے ملنے والی اپ ڈیٹس پر عمل کریں اور افواہوں کو پھیلانے یا ان پر عمل کرنے سے گریز کریں۔
ریونت ریڈی موک ڈرل کی خود نگرانی کریں گے:
موک ڈرل میں 12 بڑی خدمات شامل ہوں گی جن میں پولیس، فائر ڈیپارٹمنٹ، میڈیکل ٹیم، میونسپل سٹاف اور دیگر سول ڈیفنس یونٹس شامل ہیں۔ اسے 1968 کے سول ڈیفنس ایکٹ کے تحت ڈیزائن کیا گیا ہے، جس کے لیے باقاعدہ مشقوں کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ افسران اور شہری دونوں ہنگامی حالات کے لیے تیار ہیں۔ اس دوران اطلا ع ہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی آج شام ہونے والی موک ڈرل کی خود نگرانی کریں گے۔
وزارت داخلہ کا تمام ریاست کو پیغام:
وزارت داخلہ نے پیر کو تمام ریاستوں سے کہا تھا کہ وہ پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد پاکستان کے ساتھ بڑھتے ہوئے تناؤ کے درمیان پیدا ہونے والے نئے اور پیچیدہ خطرات کے پیش نظر 7 مئی کو موک ڈرل کی مشقیں کریں۔موک ڈرل کے دوران اٹھائے جانے والے اقدامات میں فضائی حملے کے وارننگ سائرن کو فعال کرنا، شہریوں کو شہری دفاع کے پہلوؤں پر تربیت دینا اور "دشمنانہ حملے" کی صورت میں خود کو بچانے کے لیے بنکروں اور خندقوں کی صفائی شامل ہے۔