تلنگانہ پولیس نے آندھرا پردیش پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے حیدرآباد میں بم دھماکے کی سازش کو ناکام بنادیا ہے۔ کارروائی میں داعش سے منسلک دو مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے سراج کو وجے نگرم سے اور سمیر کو حیدرآباد سے گرفتار کیا ہے۔ الزام ہے کہ یہ دونوں مبینہ طور پر شہر میں دھماکہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔مبینہ طور پر سراج نے منصوبہ کے حصے کے طور پر وجے نگرم میں دھماکہ خیز مواد منگوایا تھا۔ دونوں کو سعودی عرب میں قائم داعش کے ماڈیول سے آرڈر مل رہے تھے۔ وہ حیدرآباد میں دھماکہ کرنے کی تیاری کررہے تھے۔ دونوں مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ مشترکہ آپریشن میں تلنگانہ کاؤنٹر انٹیلی جنس اور آندھرا پردیش انٹیلی جنس شامل تھے۔
بتاد یں کہ حالیہ پہلگام دہشت گردانہ حملے کے پیش نظر سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی ممکنہ موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد جموں و کشمیر سمیت کئی ریاستوں میں بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کی ہے۔ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے جمعہ کو پنجاب میں گینگسٹر ہیپی جوش سے منسلک 15 مقامات پر چھاپے مارے جو کہ خالصتانی دہشت گرد ہرویندر سنگھ سے منسلک ہے جو گزشتہ سال دسمبر میں گرداسپور ضلع کے ایک پولیس اسٹیشن پر گرینیڈ حملے میں ملوث ہے۔پولیس نے بتایاکہ حراست میں لئے گئے نوجوانوں سے مزید تحقیقات کی جارہی ہے۔
دہشت گردی کی وجہ سے معصوم لوگوں کی جانیں جارہی ہیں:ہنمنت راو
کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق راجیہ سبھا ایم پی ہنمنت راو نے پارٹی کے سینئر لیڈر جئے رام رمیش کے اس بیان سے اتفاق کیاہے کہ دہشت گردی کی وجہ سے معصوم لوگوں کی جانیں جارہی ہیں۔ ہنمنت راو نے کہاکہ اسی وجہ سے تمام اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کو اپنا مکل تعاون فراہم کیا تاکہ پاکستان کے اس رویہ کے خلاف سخت کاروائی کی جاسکے۔ ہنمنت راو نے کہاکہ دہشت گردوں کی پاکستان کو حمایت کا پردہ فاش کرنے کیلئے ہندوستان نے اپنے وفود بیرونی ممالک کو روانہ کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ تاہم انہوں نے کہاکہ جئے رام رمیش نے الزام لگایاہے کہ حکومت نے کانگریس کی جانب سے روانہ کردہ 4 ناموں کو منظور نہیں کیا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اس مسئلہ پر سنجیدہ نہیں ہے اور وہ اس پر بھی سیاست کررہی ہے۔