Friday, September 19, 2025 | 27, 1447 ربيع الأول
  • News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • حیدرآباد: شدید بارش سے مچا کہرام،نالوں میں بہہ گئےتین نوجوان

حیدرآباد: شدید بارش سے مچا کہرام،نالوں میں بہہ گئےتین نوجوان

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Sep 15, 2025 IST     

image
ریاست تلنگانہ کے  دارالحکومت حیدرآبادمیں اتوار کی شام شہر کے مختلف علاقوں میں شدید بارش ہوئی، جس کے نتیجے میں پورا شہر پانی میں ڈوب گیا۔ شہر کی سڑکیں تالاب بن گئیں اور نالوں میں طغیانی آگئی۔ محض ایک گھنٹے میں تقریباً 12 سینٹی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا اور کئی مقامات پر حادثات پیش آئے۔حبیب نگر پولیس اسٹیشن حدود میں افضل ساگر نالے میں رامو نامی نوجوان  پھسل کر گر گیا، جسے بچانے کے لئے اس کا بھانجا ارجن کود پڑا مگر وہ بھی پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ گیا۔اسکے علاوہ مشیرآباد کے ونود نگر میں بھی   سنی نامی 24 سالہ نوجوان نالے کی دیوار پر بیٹھا ہوا تھا کہ اچانک دیوار گر گئی اور وہ بھی پانی میں بہہ کر لاپتہ ہوگیا۔
 
ریسکیو آپریشن:
 
واقعے کی خبر پھیلتے ہی پولیس، ڈیزاسٹر رسپانس فورس (DRF) اور حیدرآباد ڈیزاسٹر رسپانس ایجنسی (HYDR) کی ٹیمیں حرکت میں آئیں۔ ڈرون، رسیوں اور پمپوں کے ساتھ ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا، لیکن تیز بہاؤ نے امدادی کاموں کو مشکل بنا دیا۔ مقامی رہائشی رات بھر سڑکوں پر اپنے پیاروں کی تلاش میں مصروف رہے۔ ایک رہائشی نے روتے ہوئے کہا، ہم نے پہلے بھی نالوں کی صفائی کا مطالبہ کیا تھا، لیکن کوئی سنتا ہی نہیں۔ تاہم اب وہ زندہ ہیں یا نہیں ابھی تک یہ واضح نہیں ہے۔
 
بارش کی تباہی نے مسائل کو کیا اجاگر:
 
بارش کی وجہ سے آنے والی اس تباہی نے حیدرآباد شہر کے پرانے مسائل جیسے غیر قانونی تعمیرات، بھرے ہوئے نالوں اور کمزور واٹر ڈرینیج سسٹم کو اجاگر کیا ہے۔ حبیب نگر، عاصف نگر اور مشیرآباد جیسے علاقوں میں واٹر لاگنگ ہر بارش میں جان لیوا بن جاتی ہے۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (GHMC) نے الرٹ جاری کرتے ہوئے لوگوں سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی ہے۔ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کرنے اور ریسکیو آپریشن کو تیز کرنے کے احکامات دیے ہیں۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے پیر (15 ستمبر 2025) کو بھی شدید بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔