Thursday, August 28, 2025 | 05, 1447 ربيع الأول
  • News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • حیدرآباد :شوہر نے حاملہ بیوی کا بے دردی سے کیا قتل ،موسیٰ ندی میں پھینکے کٹے اعضاء،بقیہ دھڑ گھر سے بر آمد

حیدرآباد :شوہر نے حاملہ بیوی کا بے دردی سے کیا قتل ،موسیٰ ندی میں پھینکے کٹے اعضاء،بقیہ دھڑ گھر سے بر آمد

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Aug 25, 2025 IST     

image
حیدرآباد:تلنگانہ کے حیدرآباد میں ایک دلخراش واقعہ سامنے آیا ہے جس نے پورے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ میڈی پلی کے مضافاتی بالاجی ہلز میں ایک شخص اپنی حاملہ بیوی کو قتل کر اس کے جسم کے اعضاء کو ٹھکانے لگاتے ہوئے پکڑا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے پہلے ہی سر، ہاتھ اور پاؤں موسیٰ ندی  میں پھینک چکا تھا،جب کہ گھر سے خاتون کا دھڑ برآمد ہوا  ہے۔
 
21 سالہ سواتی، جو پانچ ماہ کی حاملہ تھی، کو اس کے شوہر مہیندر نے ہفتہ کی شام ساڑھے چار بجے کے قریب قتل کر دیا۔ مہیندر ایک رائیڈ ہیلنگ کمپنی میں ڈرائیور کے طور پر کام کرتا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کے بعد اس نے لاش کے ٹکڑے کیے اور کچھ حصوں کو دریا میں پھینک دیا۔
 
ملزم پولیس کی حراست میں:
 
قتل کے بعد مہندر نے اپنی بہن کو فون کیا اور بتایا کہ اس کی بیوی لاپتہ ہے۔ بہن کو شک ہوا اور اس نے ایک رشتہ دار کو اطلاع دی، جو اسے تھانے لے گیا۔ ڈی سی پی پی وی پدمجا نے کہا کہ پوچھ گچھ کے دوران مہیندر نے قتل کا اعتراف کر لیا ہے۔پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا ہے اور اس سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ غوطہ خوروں کی مدد سے دریا میں پھینکے گئے جسم کے اعضاء کو تلاش کیا جا رہا ہے تاہم ابھی تک کوئی کامیابی نہیں ملی۔ فرانزک ٹیم نے خاتون کے دھڑ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جائے گا۔
 
خاتون کے والد کا کہنا تھا کہ ان کے داماد کے ساتھ تعلقات خراب ہو گئے تھے اور انہوں نے بات کرنا چھوڑ دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میری بیٹی کہتی تھی کہ سب ٹھیک ہے لیکن وہ اسے مسلسل ہراساں کرتا تھا، اسے بھی وہی سزا ملنی چاہیے جو انہوں نے میری بیٹی کے ساتھ کیا۔پولیس نے تعزیرات ہند کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے اور جلد تحقیقات اور قانونی کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔