Friday, February 06, 2026 | 18, 1447 شعبان
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • ملک بھر میں اقلیتوں کی عبادت گاہوں پر بڑھتے حملوں کے خلاف دہلی میں اہم کانفرنس

ملک بھر میں اقلیتوں کی عبادت گاہوں پر بڑھتے حملوں کے خلاف دہلی میں اہم کانفرنس

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Feb 04, 2026 IST

ملک بھر میں اقلیتوں کی عبادت گاہوں پر بڑھتے حملوں کے خلاف دہلی میں اہم کانفرنس
ملک بھر میں اقلیتو ں کی عبادتگاہوں پر بڑھتے ہوئے حملوں کے خلاف انڈین مسلم فار سول رائٹسIMCRاورایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹسAPCR کے مشترکہ اہتمام سے  دہلی میں ایک کانفرنس منعقد ہوئی۔ جس  میں ملک کی نامورشخصیات، سماجی کارکنان، وکلاء، صحافیوں اورسیاسی رہنماؤں نے شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہارکیا۔
 
تقریب میں پٹنہ ہائی کورٹ کے سابق  چیف جسٹس  اقبال انصاری ، آئی ایم آر سی کی چیئرمین محمد ادیب ، سابق لیفٹیننٹ گورنر  دہلی نجیب جنگ ، رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ ، جماعت اسلامی کے نائب صدر ملِک معتصم خان اور سینئر ایڈوکیٹ سنجے ہیگڑے  ، آغا روح اللہ مہدی، رکن پارلیمنٹ مولانامحب اللہ ندوی، ایم پی ضیاء الرحمن برق،  اور دیگر شخصیات شامل تھیں۔ اس  دوران مختلف ریاستوں سے آئے اقلیتی عبادتگاہوں کے متولیوں نے اپنے تجربات اورمسائل بیان کیے۔ انہوں نے مساجد،گرجاگھروں ودیگرمذہبی مقامات پر ہونے والے حملوں،توڑپھوڑاورغیرقانونی قبضوں کے واقعات سے آگاہ کیا۔
 
تقریب میں ان سکھ رہنماؤں کو بھی خصوصی طورپراعزازسے نوازا گیا،جنہوں نے فرقہ وارانہ کشیدگی کے دوران مساجد کی حفاظت کی اوربعض مقامات پر زمین بھی عطیہ کی۔مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اقلیتی عبادت گاہوں کے تحفظ کیلئے سخت قوانین بنائے جائیں، ذمہ دار عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور بین المذاہب ہم آہنگی کوفروغ دیا جائے۔
 
اجلاس کا بنیادی مقصد
 
اس اجلاس کا مقصد اقلیتی برادریوں کی عبادت گاہوں پر مسلسل ہونے والے حملوں اور نفرت پر مبنی تشدد کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرانا اور اس اہم مسئلے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کرنا تھا۔ APCR کی حالیہ رپورٹ کے مطابق بھارت میں مذہبی اقلیتوں، بالخصوص مسلم اور عیسائی برادریوں، کے خلاف نفرت انگیز جرائم اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے کے واقعات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ قابلِ ذکر ہے کہ اس سے قبل جولائی 2025 میں بھی APCR اور IMCR کی جانب سے وقف املاک کے تحفظ کے سلسلے میں دہلی میں ایک عوامی اجلاس منعقد کیا گیا تھا۔