قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ذریعے06تا08فروری2026 کو ’’کثیر لسانی ہندوستان میں اردو زبان و تہذیب‘‘کے عنوان سے سہ روزہ عالمی اردو کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں آج جمعرات کو قومی اردو کونسل کے صدر دفتر ( فروغ اردو بھون، ایف سی- 33/9 ، انسٹی ٹیوشنل ایریا، جسولہ، نئی دہلی۔ 110025) میں ایک پریس میٹ کا انعقاد کیا گیا۔
کانفرنس کی مڈیا کو دی جانکاری
این سی پی یو ایل ڈائرکٹر ڈاکٹر شمس اقبال نےعالمی اردو کانفرنس کی تفصیلات پرصحافیوں سے اظہارِخیال کیا ،اور کہا کہ کونسل کی جانب سے ماضی میں بھی عالمی اردو کانفرنس کا انعقاد کیا جاتا رہا ہے، ایک وقفے کے بعد گزشتہ برس ’’وکست بھارت کا وژن ،اردو زبان کا مشن ‘‘ کے عنوان سے انڈیا انٹر نیشنل سینٹر، نئی دہلی میں اس اہم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جسے اردو حلقے کی طرف سے خوب پزیرائی ملی۔
کثیرلسانی ہندوستان میں اردو زبان و تہذیب
اس سال کی عالمی کانفرنس بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے اور اپنے موضوع ’’کثیر لسانی ہندوستان میں اردو زبان و تہذیب‘‘کے اعتبار سے منفرد بھی۔ اس کے ذریعے ہمیں قومی تعلیمی پالیسی 2020کےتناظر میں کثیر لسانی ہندوستان کی صورتِ حال کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملے گی اور ہندوستان کی تعمیر و ترقی میں دیگر زبانوں کے ساتھ اردو زبان کی خدمات سے واقف ہونے کا بھی موقع ملے گا۔
مشاعرہ، شامِ غزل، مقالے اور ثقافتی پروگرام
ڈاکٹرشمس اقبال نے مزید کہا کہ تین دنوں تک چلنے والی اس کانفرنس میں افتتاحی اور تکنیکی سیشنز کے علاوہ مختلف ثقافتی تقاریب کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ تکنیکی سیشنز میں جہاں مختلف موضوعات پر دانشوران اپنے خیالات کا اظہار کریں گے وہیں مشاعرہ، شامِ غزل اور ہیومرباز جیسے ثقافتی پروگرام سے بھی لطف اندوز ہو سکیں گے۔ ڈاکٹر شمس اقبال نے کہا کہ عالمی اردو کانفرنس کے انعقاد کا ایک مقصد قومی اور بین الاقوامی سطح پر اردو زبان و تہذیب کی نمائندگی کو یقینی بنانا ہے۔ ایک اشتہار کے ذریعے نوجوان مقالہ نگاروں کو مختلف ذیلی عناوین کے تحت مقالہ لکھنے کی دعوت دی گئی تھی جس میں سے تین مقالے کانفرنس کے معیار و مزاج کے مطابق قرار پائے ہیں۔ ان تینوں نوجوان قلم کاروں کو بھی دعوت دی گئی ہے۔
ملک و بیرون ملک سے90 دانشوران کی شرکت
اس کانفرنس میں شرکا کو مدعو کرتے ہوئے اس بات کا خاص خیال رکھا گیا ہے کہ ہندوستان کے تمام علاقوں کی نمائندگی ہو سکے۔ اسی طرح بزرگ ادیبوں اور دانشوروں کے ساتھ خواتین اور نئی نسل کے قلم کاروں کو بھی موقع مل سکے۔ اس کانفرنس میں ہندوستان کے علاوہ یوکے، سویڈن، فرانس، موریشس، جاپان، مصر اور قطر جیسے ممالک سے قریب 90دانشوران شرکت کر رہے ہیں۔
عالمی اردو کانفرنس 2026 سے متعلق اس پریس میٹ میں اردو، ہندی اور انگریزی کے مختلف اخبارات و میڈیا چینل (یو این آئی، بی بی سی اردو، منصف ٹی وی، نیوز 18،بھارت ایکسپریس، ایشیا ٹائمز، روزنامہ انقلاب، راشٹریہ سہارا، ہندوستان سماچار، میرا وطن، اخبارِ مشرق، وائس آف امریکہ، ہمارا سماج، ہندی نیوز، سائبان ، سچ کی آواز وغیرہ) سے صحافی، اخباری نمائندے اور مدیران موجود رہے۔ اس موقعے پر ڈائرکٹر ڈاکٹر شمس اقبال نے عالمی اردو کانفرنس سے متعلق صحافیوں کے مختلف سوالوں کے جوابات بھی دیے اور کہا کہ یہ کانفرنس کثیر لسانی ہندوستان میں اردو زبان و تہذیب کی نمائندگی کو یقینی بنانے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی اور اردو زبان میں قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے وژن کو آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوگی۔