وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ہندوستان اور فرانس کے تعلقات موجودہ دور میں نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری دیرینہ ثقافتی اور سیاسی تعلقات کی مضبوط بنیاد پر قائم ہے۔ پیرس میں سوامی نارائن مندر کے افتتاحی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ یہ مندر آنے والی صدیوں تک ہندوستان اور فرانس کے درمیان تعاون، ثقافت اور نئے مواقع کی علامت کے طور پر قائم رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ فرانس کے صدرایمانویل میکخواں کے ساتھ مل کر دونوں ممالک ایک خصوصی عالمی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط کر رہے ہیں۔ ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت (AI)، دفاع، خلائی شعبے اور موسمیاتی اقدامات سمیت کئی اہم شعبوں میں دونوں ممالک مل کر آگے بڑھ رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے بتایا کہ سال 2026 کو ہندوستان-فرانس سال اختراع کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات صرف سیاسی اور اقتصادی نہیں بلکہ ثقافتی ورثے سے بھی جڑے ہوئے ہیں۔ پی ایم مودی نے کہا کہ فرانس میں ہندوستانی فوجیوں کی قربانیاں آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔ انہوں نے فرانسیسی اسکالرز کی جانب سے سنسکرت اور ہندوستانی ثقافت کو فروغ دینے میں دی گئی خدمات کا بھی ذکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ فرانسیسی مصنف رومیں رولاں کی راماکرشن پرمہنس اور سوامی وویکانند پر تحریروں نے دونوں معاشروں کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اسی طرح سری اروبندو آشرم اور دیگر روحانی روابط نے بھی ہندوستان اور فرانس کے درمیان تعلقات کو مضبوط کیا ہے۔
وزیر اعظم نے یوگا کو بھی دونوں ممالک کے عوامی رابطوں کا اہم ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی یوگا ڈے کے موقع پر ایفل ٹاور پر ہونے والی تقریبات فرانس میں یوگا کی مقبولیت کو ظاہر کرتی ہیں۔
پیرس میں قائم ہونے والے سوامی نارائن مندر کو وزیر اعظم نے ہندوستانی ثقافت اور فرانسیسی انجینئرنگ کے خوبصورت امتزاج کی مثال قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مندر کے کئی پتھر ہندوستان میں تیار کیے گئے اور انہیں فرانس کی جدید تعمیراتی صلاحیتوں کے ساتھ جوڑا گیا۔ پی ایم مودی نے کہا کہ یہ مندر نہ صرف فرانس کے ثقافتی تنوع میں اضافہ کرے گا بلکہ ہندوستان اور فرانس کے درمیان ثقافتی تعلقات کو بھی مزید مضبوط بنائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سوامی نارائن مندر ہمیشہ عقیدت کے ساتھ ساتھ سماجی خدمت کے مراکز بھی رہے ہیں اور امید ہے کہ پیرس کا یہ مندر بھی خدمت کے مختلف منصوبوں کا مرکز بنے گا۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ BAPS کے ذریعے دنیا بھر میں قائم ہونے والے مندر ہندوستان کی قدیم اقدار، انسانیت اور ثقافت کا پیغام پھیلاتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پیرس کا یہ نیا مندر یورپ میں ہندوستانی ثقافت اور انسانی اقدار کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔