ٹی20 ورلڈ کپ چیمپئن بھارتی کرکٹ ٹیم ایک اور بین الاقوامی چیلنج کے لیے تیار ہے۔ ٹیم رواں سال جولائی میں زمبابوے کا دورہ کرے گی جہاں تین میچوں کی ٹی20 سیریز کھیلی جائے گی۔ اس سلسلے میں زمبابوےکرکٹ بورڈ نے باضابطہ اعلان کیا ہے۔سیریز کے تمام میچز Harare Sports Club میں 23، 25 اور 26 جولائی کو کھیلے جائیں گے، جبکہ یہ مقابلے بھارتی وقت کے مطابق شام 4:30 بجے شروع ہوں گے۔
حال ہی میں منعقدہ ICC Men's T20 World Cup 2026 میں بھی دونوں ٹیمیں آمنے سامنے آچکی ہیں، جہاں بھارت نے سپر-8 مرحلے میں زمبابوے کو 72 رنز سے شکست دی تھی۔ اس سے قبل 2024 ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے کے بعد بھارتی ٹیم نے زمبابوے میں پانچ میچوں کی سیریز 1-4 سے اپنے نام کی تھی۔
دوسری جانب زمبابوے نے حالیہ ورلڈ کپ میں آسٹریلیا اور سری لنکا جیسی مضبوط ٹیموں کے گروپ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کر کے سپر-8 میں جگہ بنائی، اور اب وہ اسی کارکردگی کو ہوم گراؤنڈ پر برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔
زمبابوے کرکٹ کے مینیجنگ ڈائریکٹر Givemore Makoni نے کہا کہ بھارت جیسی عالمی چیمپئن ٹیم کے خلاف کھیلنا ان کے کھلاڑیوں کے لیے ایک بڑا موقع ہے اور یہ سیریز ٹیم کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے میں مدد دے گی۔ادھر بی سی سی آئی پہلے ہی اعلان کر چکا ہے کہ زمبابوے کی ٹیم 2027 کے آغاز میں بھارت کا دورہ کرے گی۔ اس دوران جنوری 2027 میں تین میچوں کی ون ڈے سیریز جنوری 3،6اور9کولکاتا، حیدرآباد اور ممبئی میں کھیلی جائے گی۔تقریباً 25 سال بعد زمبابوے کی ٹیم بھارت میں کوئی دو طرفہ سیریز کھیلے گی، جسے دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ تعلقات کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ماکونی نے اس طویل وقفے کے بعد ہندوستان کے دورے پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دو دہائیوں کے بعد دو طرفہ سیریز کے لیے دوبارہ بھارت کا دورہ کرنا ایک تاریخی لمحہ ہے۔ یہ ہمارے کھلاڑیوں کے لیے ایک اعزاز اور قیمتی موقع ہے۔ ہمیں امید ہے کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ کے تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا اور ہماری ٹیم کو کافی تجربہ فراہم کرے گا۔