Wednesday, January 29, 2025 | 29, 1446 رجب
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • مہاراشٹر: پشپک ایکسپریس میں آگ لگنے کی افواہ پر مسافروں نے چھلانگ لگا دی، کرناٹک ایکسپریس کی زد میں آکر 8 کی موت

مہاراشٹر: پشپک ایکسپریس میں آگ لگنے کی افواہ پر مسافروں نے چھلانگ لگا دی، کرناٹک ایکسپریس کی زد میں آکر 8 کی موت

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mirza Ghani Baig | Last Updated: Jan 22, 2025 IST     

image
مہاراشٹر کے جلگاؤں میں ایک بڑا ٹرین حادثہ ہوا ہے۔ پچورا کے پردھاڈے اسٹیشن کے قریب پشپک ایکسپریس میں آگ لگنے کی افواہ پھیلنے کے بعد خوف و ہراس پھیل گیا۔ مسافروں نے زنجیر کھینچی اور ٹرین سے کودنے لگے۔ اس کے بعد مسافر دوسرے ٹریک پر آنے والی کرناٹک ایکسپریس کی زد میں آ گئے۔ حادثے میں آٹھ مسافروں کی موت ہو گئی۔ جبکہ متعدد مسافر زخمی ہو گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریلوے حکام موقع پر پہنچ گئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔سنٹرل ریلوے کے حکام نے بتایا کہ ممبئی سے لکھنؤ جا رہی پشپک ایکسپریس کے ڈبے میں آگ لگنے کی افواہ کے بعد پچورا کے پردھاڈے اسٹیشن کے قریب چین پلنگ کی گئی۔ ٹرین کے رکنے سے پہلے ہی مسافر گھبراہٹ میں اترنے لگے۔ سنٹرل ریلوے کے  ترجمان سوپنل نیلا نے بتایا کہ پشپک ایکسپریس کے کچھ مسافر نیچے اترے اور سامنے سے آنے والی کرناٹک ایکسپریس سے ٹکرا گئے۔ ڈویژنل ریلوے منیجر بھوساول جائے حادثہ کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ ریلوے میڈیکل ٹیم، ریلوے کے سینئر سیکشن انجینئر اور مقامی انتظامیہ نے موقع پر پہنچ کر راحت اور بچاؤ کام شروع کر دیا ہے۔
 
ریلوے کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق گرم ایکسل یا بریک بائنڈنگ کی وجہ سے پشپک ایکسپریس کی کوچ کے اندر چنگاری پیدا ہوئی اور کچھ مسافر خوفزدہ ہوگئے۔ انہوں نے زنجیر کھینچی، اور ان میں سے کچھ نیچے کود پڑے۔ اسی وقت کرناٹک ایکسپریس ملحقہ ٹریک سے گزر رہی تھی۔ مہاراشٹر کے وزیر گلاب راؤ پاٹل نے کہا کہ سینئر حکام موقع پر پہنچ رہے ہیں، جس کے بعد مزید معلومات دستیاب ہوں گی۔
 
ناسک کے ڈویژنل کمشنر پروین گیڈم نے کہا کہ ہم موقع پر ہیں۔ ایڈیشنل ایس پی، ایس پی، کلکٹر اور تمام افسران پہنچ رہے ہیں۔ ہم ڈی آر ایم اور ریلوے حکام کے ساتھ رابطہ کر رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق آٹھ ایمبولینسیں موقع پر پہنچ چکی ہیں، اضافی ریلوے ریسکیو وین اور ریلوے ایمبولینسیں موقع پر بھیجی جارہی ہیں۔ حکام کے مطابق  آٹھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ تعداد بڑھ سکتی ہے۔ انتظامیہ ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہے۔ اتر پردیش کے وزیر اعلی ٰیوگی آدتیہ ناتھ نے پشپک ٹرین حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے زخمیوں کو مناسب طبی امداد فراہم کرنے کا حکم دیا ہے اور مسافروں کی موت پر تعزیت کا اظہار بھی کیا ہے۔