Tuesday, March 03, 2026 | 13 رمضان 1447
  • News
  • »
  • تعلیم و روزگار
  • »
  • مشرقِ وسطیٰ کی دھماکہ خیز صورت حال عالمی امن کے لیے شدید خطرہ

مشرقِ وسطیٰ کی دھماکہ خیز صورت حال عالمی امن کے لیے شدید خطرہ

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Mar 02, 2026 IST

مشرقِ وسطیٰ کی دھماکہ خیز صورت حال عالمی امن کے لیے شدید خطرہ
جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور تشویش ناک صورتحال پر گہری فکریں ظاہر کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کے جارحانہ اقدامات نہ صرف خطے کے امن کو متاثر کر رہے ہیں بلکہ عالمی استحکام کے لیے بھی سنگین خطرات پیدا کر رہے ہیں۔
 
مولانا مدنی نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور ان کے اہلِ خانہ و رفقا کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی ملک کی قیادت کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کے منافی اور انسانیت کے لیے خطرناک ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جمعیۃ علماء ہند ایران کے عوام کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔
 
ساتھ ہی انہوں نے ایران کی جانب سے دیگر ممالک میں ممکنہ کارروائیوں پر تشویش ظاہر کی اور کہا کہ موجودہ صورتحال فوری امن، اتحاد اور ہم آہنگی کی متقاضی ہے۔ مولانا مدنی نے زور دے کر کہا کہ سیاسی اور عالمی مسائل کا حل قتل و خونریزی نہیں بلکہ مذاکرات اور سفارتی حکمت عملی کے ذریعے ہونا چاہیے۔
 
انہوں نے اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ فوری جنگ بندی، کشیدگی کے خاتمے اور بامعنی سفارتی مذاکرات کے لیے فعال کردار ادا کریں تاکہ خطے کو مزید تباہی سے بچایا جا سکے۔ مولانا مدنی نے خبردار کیا کہ اگر عالمی طاقتیں فوری طور پر دانشمندی اور انصاف کا مظاہرہ نہ کریں تو اس کے اثرات صرف خطے تک محدود نہیں رہیں گے۔
 
انہوں نے آخر میں کہا کہ جمعیۃ علماء ہند ہر ایسے اقدام کی مخالفت کرتی ہے جو دنیا کو جنگ و بدامنی کی طرف لے جائے، اور مسائل کا پرامن حل وقت کا سب سے بڑا تقاضا ہے۔