Tuesday, December 16, 2025 | 25, 1447 جمادى الثانية
  • News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • حضرت مولانا پیرذوالفقاراحمد نقشبندی مجددیؒ کےانتقال پرصدرجمعیۃ علماء ہند کاتعزیتی پیغام

حضرت مولانا پیرذوالفقاراحمد نقشبندی مجددیؒ کےانتقال پرصدرجمعیۃ علماء ہند کاتعزیتی پیغام

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Dec 15, 2025 IST

حضرت مولانا پیرذوالفقاراحمد نقشبندی مجددیؒ کےانتقال پرصدرجمعیۃ علماء ہند کاتعزیتی پیغام
 جمعیۃ علماء ہند کے صدرمولانا محمود اسعد مدنی نے نامور اسلامی اسکالر،سلسلۂ نقشبندیہ مجددیہ کے ممتاز روحانی پیشوا حضرت مولانا پیر حافظ ذوالفقار احمد نقشبندی مجددیؒ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

مولانا محمود اسعد مدنی کا تعزیتی پیغام 

اپنے تعزیتی پیغام میں مولانا مدنی نے کہا کہ پیر صاحب کا شمار عصرِ حاضر کی ان قابل قدر روحانی و اصلاحی شخصیات میں ہوتا ہے جنہوں نے قرآن و سنت کی روشنی میں تزکیۂ نفس، اصلاحِ اخلاق اور اتباعِ سنت کے پیغام کو عالمی سطح پر عام کیا۔ ان کی وفات سے عالمِ اسلام بالخصوص برصغیر ایک مخلص داعی، صاحبِ نسبت صوفی بزرگ اور بے لوث مربی سے محروم ہوگیا ہے۔

حضرتؒ کی امتیازی خصوصیت 

مولانا مدنی نے کہا کہ حضرتؒ کی یہ امتیازی خصوصیت تھی کہ انہوں نے تصوف کو عملی زندگی، معاشرت اور خاندانی نظام سے جوڑ کر پیش کیا اور جدید تعلیم یافتہ طبقے کو بھی دین و شریعت کے قریب لانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی تصانیف و اصلاحی بیانات ان کی دینی بصیرت اور فکری وسعت کا روشن ثبوت ہیں۔

وفات سے ذاتی خسارہ اور سخت صدمہ 

مولانا مدنی نے حضرت ؒسے اپنے اصلاحی اور دلی تعلق کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وفات سے ذاتی خسارہ اور سخت صدمہ ہوا ہے۔دعا ہے کہ اللہ رب العزت حضرت ممدوح کی تمام دینی و روحانی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے،ان کے درجات بلند فرمائے، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل نصیب فرمائے۔ آمین۔

اتوار14 دسمبرکو ہوا انتقال 

 واضح رہےکہ عالمی سطح کی روحانی شخصیت، سلسلہ نقشبندیہ مجددیہ کے ممتاز شیخ مولانا پیر حافظ ذوالفقار احمد نقشبندی مجددی بروز اتوار ( 14 دسمبر 2025 ) کو خالقِ حقیقی سے جا ملے۔مولانا کی پیدائش پاکستان کے جھنگ میں ہوئی۔ انھوں نے عصری تعلیم کے ساتھ دینی علوم کی جامعیت۔ بی ایس سی الیکٹریکل انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی اور انجینئرنگ کے شعبے میں خدمات انجام دیں، تاہم بعد میں مکمل طور پر دین کی طرف متوجہ ہو گئے۔ مولانا نے سلسلہ نقشبندیہ میں حضرت مولانا غلام حبیب نقشبندی سے بیعت اور اجازت حاصل کی۔

 مولانا کےدنیا بھرمیں لاکھوں مریدین

مولانا پیر حافظ ذوالفقار احمد نقشبندی معہد الفقیر الاسلامی جھنگ کے بانی اور مہتمم تھے۔مولانا نے دنیا بھر میں 50 سے زائد ممالک کے تبلیغی و اصلاحی دورے کیے۔ مولانا پیر حافظ ذوالفقار احمد نقشبندی کے دنیا بھر میں لاکھوں مریدین ہیں جن میں علماء، سیاسی اور سماجی شخصیات شامل تھیں۔مولانا پیر حافظ ذوالفقار احمد نقشبندی کو 100 سے زائد کتابیں تصنیف کی ہیں۔ ان کی تصانیف عالمی سطح پر مقبول ہیں۔ قرآن و حدیث کی تفسیر، تصوف و سلوک، سیرت اور اخلاقیات پر مولانا نے کئی تصانیف شائع کئے ہیں۔

 500سے زیادہ بااثر مسلمانوں کی فہرست میں شامل 

مولانا پیر حافظ ذوالفقار احمد نقشبندی کو رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سنٹر نے 2013-2014 کے لیے دنیا کے 500 سب سے زیادہ بااثر مسلمانوں کی فہرست میں شامل کیا تھا۔