Wednesday, October 15, 2025 | 23, 1447 ربيع الثاني
  • News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • جوبلی ہلز ضمنی انتخاب :سیاسی سرگرمیاں تیز،بی آر ایس امیدوار نے داخل کی پرچہ نامزدگی

جوبلی ہلز ضمنی انتخاب :سیاسی سرگرمیاں تیز،بی آر ایس امیدوار نے داخل کی پرچہ نامزدگی

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Oct 15, 2025 IST

جوبلی ہلز ضمنی انتخاب :سیاسی سرگرمیاں تیز،بی آر ایس امیدوار نے داخل کی پرچہ نامزدگی
جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب کیلئے بی آر ایس امیدوار مگنتی سنیتا گوپی ناتھ آج شیخ پیٹ تحصیلدار کے دفتر میں نامزدگیوں کا پہلا سیٹ داخل کیا۔ اس موقع پر سابق وزراء، تلاسانی سرینواس یادو، پدماراؤ گوڈ، کارپوریٹرس اور پارٹی کے سینئر قائدین موجود تھے۔ بی آر ایس ذرائع کے مطابق ماگنتی سنیتا کے پرچہ نامزدگی کے موقع پر  پارٹی کارکنوں کو بڑی تعداد میں جمع ہونے سے منع کیاگیاتھا۔  تاہم پرچہ نامزدگی کے ادخال کے بعد بی آر ایس حلقہ میں اپنی انتخابی مہم میں مزید شدت پیدا کرے گی۔ 
 
بی آر ایس کے کارگزار صدر اور سابق وزیر کے ٹی آر نے آج جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کی امیدوار ماگنتی سنیا کے ساتھ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس موقع پر کے ٹی آر نے کہاکہ یہ انتخاب بی آر ایس کی ترقی کے 10 سال اور کانگریس کے 2 سال کے انتشار کے درمیان ہو رہا ہے۔کے ٹی آر نے کہاکہ یہ انتخاب بی آر ایس کی دس سالہ کارکردگی اور کانگریس کی دو سالہ ناکام حکومت کے درمیان فرق ظاہر کرے گا۔ اس موقع پر سابق وزیر تلاسانی سرینواس یادو۔ عبداللہ سہیل شیخ اور دوسرے بھی موجود تھے۔ 
 
کے ٹی آر  کے جعلی ووٹوں والے بیان پر کانگریس کا رد عمل:
 
بی آر ایس کے کارگزار صدر اور سابق وزیر کے ٹی آر نے کانگریس پر آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے ووٹر لسٹوں میں جعلی ووٹوں سے ہیرا پھیری کرنے کا الزام عائد کیاہے۔ اس پر کانگریس کے سیئنر لیڈر مدھوگوڑ یاشکی نے کے ٹی آر کے الزامات پر اپنا ردعمل ظاہر کیا۔ مدھوگوڑ یاشکی نے کہاکہ بی آر ایس پارٹی کے الیکشن انچارج راما ریڈی نے تصدیق کی کہ یہ ووٹ 2023 کے اسمبلی انتخابات سے پہلے درج کیے گئے تھے جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ دھوکہ دہی اس وقت ہوئی جب بی آر ایس پارٹی اقتدار میں تھی۔ کانگریس لیڈر نے کہاکہ الیکشن کمشنر رجت بھارگو نے دعویٰ کیا ہے کہ 20 لاکھ ووٹوں کو ہٹا دیا گیا جس کی وجہ سے کانگریس پارٹی کی شکست اور بی آر ایس پارٹی کی جیت ہوئی۔ انہوں نے بی آر ایس پارٹی پر ووٹ چوری اور بی جے پی کے ساتھ ملی بھگت کا الزام لگایا ۔
 
 انتخابات کے پیش نظر ایگزٹ پول پر سخت پابندیاں :
 
ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر آر وی کرنان نے اعلان کیاہے کہ جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخابات کے پیش نظر ایگزٹ پول پر سخت پابندیاں عائد کی جارہی ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ آر وی کرنان نے واضح کیا ہے کہ یہ فیصلہ انتخابی عمل کے آزادانہ اور منصفانہ انعقاد کو یقینی بنانے کی نیت سے کیا گیا ہے۔آر وی کرنان نے کہا کہ 11 نومبر کی شام 6:30 بجے تک ایگزٹ پول سے متعلق کسی بھی معلومات کو شائع یا نشر کرنے پر مکمل پابندی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ قاعدہ نیوز چینلز، اخبارات، ریڈیو کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر بھی لاگو ہوگا۔ 
 
انہوں نے حکم دیا کہ انتخابی نتائج پر اثر انداز ہونے والے سروے، تجزیے اور رائے شماری کے نتائج کو اس دوران ظاہر نہ کیا جائے۔آر وی کرنان نے متنبہ کیا کہ ان احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف عوامی نمائندگی ایکٹ 1951 کی دفعہ 126 کے تحت سخت کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کو دو سال تک قید، جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکتی ہیں۔ اس سلسلہ میں ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے مشورہ دیا کہ میڈیا تنظیموں، سیاسی جماعتوں، سوشل میڈیا صارفین اور انتخابات سے وابستہ ہر فرد کو انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل کرنا چاہیے۔