Friday, September 19, 2025 | 27, 1447 ربيع الأول
  • News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • جوبلی ہلز ضمنی انتخاب :ریونت ریڈی نے الیکشن کی تیاریوں کا لیا جائزہ،کہا۔جوبلی ہلز ضمنی حلقہ کی ترقی کانگریس سے ہی ممکن

جوبلی ہلز ضمنی انتخاب :ریونت ریڈی نے الیکشن کی تیاریوں کا لیا جائزہ،کہا۔جوبلی ہلز ضمنی حلقہ کی ترقی کانگریس سے ہی ممکن

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Sep 15, 2025 IST     

image
 
 
حیدرآباد کے جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب کیلئے تمام سیاسی جماعتوں نے اپنی اپنی تیاریوں کا آغاز کردیاہے۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ جوبلی ہلز ضمنی الیکشن میں جیت کیلئے سب کو ملکر کام کرنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ سرکاری فلاحی پروگراموں اور ترقیاتی کاموں کو فیلڈ لیول پر فروغ دیا جائے۔اس کے علاوہ انہوں نے ہدایت دی کہ پولنگ بوتھ وار مہم کا منصوبہ تیار کیا جائے۔ انہوں نے وزرا سے کہاکہ وہ عوام کو یقین دلائیں کہ حکومت کی جانب سے حلقہ کے مسائل کو حل کیاجائے گا۔  ریونت ریڈی نے کہاکہ جوبلی ہلز حلقہ کی ترقی صرف کانگریس حکومت سے ہی ممکن ہے۔ چیف منسٹر نے ضمنی انتخاب میں پارٹی امیدوار کے تعلق سے کہاکہ اس کا فیصلہ ہائی کمان کرے گا تاہم ریاستی قائدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ جیت کیلئے کام کریں۔ ریونت ریڈی نے مزید کہاکہ ہم جوبلی ہلز حلقہ سے جیت حاصل کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ 
 
نرسیا گوڑ کا بہا راسمبلی انتخابات پر اپنا ردعمل :
 
بی جے پی لیڈر نرسیا گوڑ نے بہا راسمبلی انتخابات پر اپنا ردعمل ظاہر کیا۔ نرسیا گوڑ نے کہاکہ بہار، ہندوستان کی ایک تاریخی طور پر اہم ریاست ہے۔ یہ  نندا، گپتا اور موریہ خاندانوں جیسی بڑی سلطنتوں کا گہوارہ اور بدھ مت اور جین مت کی جائے پیدائش رہی ہے۔ اشوک اعظم جیسے رہنماؤں کے تحت اس نے ایک متحد ہندوستان کو فروغ دیا جو جدید دور کے افغانستان اور پاکستان تک پھیل گیا۔ تاہم آزادی کے بعد بہار کانگریس اور آر جے ڈی کے دور حکومت میں پسماندگی، بدعنوانی اور غیر قانونی سرگرمیوں کا مترادف بن گیا۔ بی جے پی لیڈر نے کہاکہ ترقی صرف این ڈی اے حکومت سے شروع ہوئی۔ تیجسوی یادو اور راہول گاندھی کو اس پیشرفت کو نہ سمجھنے اور غیر قانونی تارکین وطن کے ووٹ بینک کی سیاست پر انحصار کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ پی ایم مودی کی قیادت میں این ڈی اے، سرحدوں کی حفاظت اور قومی سالمیت کو یقینی بنارہی ہے ۔ 
 
پپو یادو کا وزیراعظم کے دورہ بہار سے قبل  اہم بیان :
 
بہار کے پورنیا سے آزاد رکن پارلیمنٹ پپو یادو نے وزیراعظم کے دورہ بہار سے پہلے اہم بیان دیاہے۔ انہوں نے کہاکہ میں پورنیا کا ایم پی بننے کے صرف ایک سال میں جو کام کئے ہیں وہ گذشتہ بیس برسوں پر بھاری ہے۔ پپو یادو نے کہاکہ انہوں نے انتخابات سے قبل پانچ وعدے کئے تھے جن کو انہوں نے پورا کردیاہے۔ انہوں نے کہاکہ ترقیاتی کاموں میں حکومت نے تعاون کیاہے جس پر میں اس کا شکریہ ادا کرتاہوں تاہم گذشتہ بیس برسوں میں کچھ زیادہ ترقی نہیں ہوئی ہے۔ پپو یادو نے کہاکہ پورنیا ایئرپورٹ کے آغاز میں بھی انہوں نے اہم رول ادا  کیاہے۔