• News
  • »
  • تعلیم و روزگار
  • »
  • !کرناٹک حکومت موبائل اور سوشل میڈیا کے استعمال پر سخت، طلبہ کے لیے نئے قوانین کاہوگا نفاذ

!کرناٹک حکومت موبائل اور سوشل میڈیا کے استعمال پر سخت، طلبہ کے لیے نئے قوانین کاہوگا نفاذ

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Alam | Last Updated: Mar 24, 2026 IST

!کرناٹک حکومت موبائل اور سوشل میڈیا  کے استعمال پر سخت، طلبہ کے لیے نئے قوانین کاہوگا  نفاذ
کرناٹک حکومت نے طلبہ میں بڑھتے ہوئے اسکرین ٹائم اور اس سے وابستہ ذہنی مسائل کو دیکھتے ہوئے ایک نئی ڈرافٹ پالیسی پیش کی ہے۔ اس کا مقصد بچوں کو ٹیکنالوجی کا صحیح اور متوازن استعمال سکھانا ہے۔ اس پالیسی میں طلبہ، اساتذہ اور والدین سب کو شامل کیا گیا ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ اسکول اور گھر مل کر بچوں کے لیے محفوظ اور متوازن ڈیجیٹل ماحول تیار کریں، تاکہ ان کی تعلیم اور ذہنی صحت پر مثبت اثر پڑے۔
 
اسکرین ٹائم کی حد اور تعلیم میں نئے تبدیلیاں :
 
اس پالیسی میں بچوں کو عمر کے لحاظ سے موبائل دینے کی بات کی گئی ہے۔ چھوٹے بچوں کے لیے ایسے فون تجویز کیے گئے ہیں جن میں محدود فیچرز ہوں یا صرف کال کی سہولت ہو۔ اس کے علاوہ شام 7 بجے کے بعد چھوٹے بچوں کا موبائل انٹرنیٹ خود بخود بند ہو جائے، تاکہ وہ رات کو آرام کر سکیں۔ تفریح کے لیے اسکرین ٹائم روزانہ صرف ایک گھنٹے تک محدود رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔
 
اسکولوں میں کمیٹی اور کونسلنگ کا انتظام  :
 
اسکولوں میں اب بچوں کو ڈیجیٹل دنیا سے متعلق ضروری باتیں بھی سکھائی جائیں گی، تاکہ وہ سمجھداری سے انٹرنیٹ کا استعمال کر سکیں۔ انہیں آن لائن سیکیورٹی، پرائیویسی، سائبر بلینگ اور صحیح رویے کے بارے میں بتایا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی زیادہ موبائل استعمال سے ہونے والی مشکلات جیسے تناؤ، توجہ کی کمی اور نیند پر اثر کے بارے میں بھی بات کی جائے گی۔ ہوم ورک میں مصنوعی ذہانت (AI) کے استعمال کے لیے بھی قواعد بنائے جائیں گے، تاکہ بچے اس کا غلط استعمال نہ کریں۔
 
"ٹیک فری" وقت اور سخت سوشل میڈیا ضوابط:
 
ہر اسکول میں ایک خاص کمیٹی بنائی جائے گی جو بچوں کے موبائل استعمال پر نظر رکھے گی اور وقتاً فوقتاً جائزہ لے گی۔ ضرورت پڑنے پر بچوں کو کونسلنگ بھی دی جائے گی تاکہ وہ صحیح راستے پر چل سکیں۔ اسکول ڈیجیٹل رپورٹ کارڈ بھی شروع کر سکتے ہیں، جس سے بچوں کی عادات اور آن لائن رویے پر توجہ رکھی جا سکے۔ اس کے علاوہ 'نو موبائل ڈے' اور ڈیجیٹل بریک جیسے اقدامات اپنانے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔
 
کن کے لیے ہوں گے یہ قوانین؟  
 
کرناٹک حکومت نے پیر کو اپنی ڈرافٹ پالیسی عوامی رائے کے لیے جاری کی ہے۔ یہ پالیسی ا سکولوں میں ڈیجیٹل استعمال کو بہتر اور متوازن بنانے پر توجہ مرکوز کرتی ہے۔ اس میں نویں سے بارہویں جماعت تک کے طلبہ، اساتذہ اور والدین شامل کیے گئے ہیں۔ افسران کے مطابق، عوامی تجاویز ملنے کے بعد اس میں تبدیلیاں کی جائیں گی اور پھر حکومت اسے حتمی شکل دے کر جلد ہی قانون کی شکل میں نافذ کرنے کا فیصلہ کر سکتی ہے۔