ارجنٹائن کے لیجنڈ فٹ بال لیونل میسی ہندوستان کے دورے پر ہیں۔ اس دوران آج کولکتہ کے سالٹ لیک اسٹیڈیم میں میسی کے پروگرام کے دوران زبردست ہنگامہ برپا ہوگیا ۔میسی کو ٹھیک سے نہ دیکھ پانے پر مشتعل ہزاروں شائقین نے زبردست احتجاج کیا۔اسٹینڈز سے بوتلیں اور کرسیاں پھینکنا شروع کر دیں جس سے ماحول کشیدہ ہو گیا۔صورتحال دیکھ کر میسی جلد ہی ا سٹیڈیم سے باہر نکل گئے۔پولیس نے مرکزی منتظم کو گرفتار کر لیا ہے۔شائقین کو یقین دلایا گیا ہے کہ ان کے ٹکٹ کی رقم واپس کر دی جائے گی۔
اسٹیڈیم میں بدانتظامی سے مشتعل ہوئے مداح:
رپورٹس کے مطابق، سٹیڈیم کے اندر داخلے، بیٹھنے اور ویزی بلٹی کے حوالے سے شدید بدانتظامی تھی۔ میسی کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے گھنٹوں سے انتظار کر رہے مداح انہیں ٹھیک سے دیکھ بھی نہ سکے۔ اس کے بعد ماحول کشیدہ ہو گیا۔ ناراض مداحوں نے پوسٹرز اور ہوردنگز توڑ دیے، بوتلیں اور کرسیاں پھینکیں اور سٹیڈیم کے اندر احتجاج شروع کر دیا۔ صورتحال بگڑتی دیکھ اضافی سیکورٹی فورسز تعینات کی گئیں۔
وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے معافی مانگی :
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اس واقعے پر معافی مانگی ہے۔انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا، میں اسٹیڈیم میں ہونے والی بدانتظامی سے بہت پریشان اور غم زدہ ہوں۔ میں اس واقعے پر میسی اور تمام کھیلوں کے شائقین سے دل سے معافی مانگتی ہوں۔ میں جسٹس (ریٹائرڈ) اشیم کمار رے کی سربراہی میں ایک انکوائری کمیٹی بنا رہی ہوں جس میں چیف سیکریٹری اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری شامل ہوں گے۔ کمیٹی واقعے کی تفصیلی تحقیقات کرے گی۔
شائقین نے ٹکٹوں کے لیے 12000 روپے تک ادا کیا:
خبر رساں ایجنسی اے این آئی سے بات کرتے ہوئے میسی کے ایک مداح نے کہا، میسی کے ارد گرد صرف سیاست دان اور اداکار تھے، تو انہوں نے ہمیں کیوں مدعو کیا؟ ہم نے 12 ہزار روپے کے ٹکٹ خریدے، لیکن ہم ان کا چہرہ بھی نہیں دیکھ سکے۔ ایک اور عینی شاہد نے بتایا کہ جیسے ہی میسی سٹیڈیم پہنچے تو انہیں 70-80 لوگوں کے ہجوم نے گھیر لیا جن میں زیادہ تر وزراء اور عہدیدار تھے۔ میسی ٹھیک سے چل بھی نہیں پا رہے تھے۔
میسی کا شیڈول :
میسی 15 دسمبر تک تین دنوں میں چار شہروں کا دورہ کریں گے۔ ان میں حیدرآباد، ممبئی اور نئی دہلی شامل ہیں۔ انہوں نے آج بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان سے ملاقات کی اور ان کے 70 فٹ اونچے مجسمے کی نقاب کشائی کی۔ وہ بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اور سابق بھارتی کپتان سورو گنگولی سے بھی ملنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ وہ ممبئی میں سچن ٹنڈولکر اور وزیر اعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کریں گے۔ وہ ایک دوستانہ میچ بھی کھیلتے نظر آئیں گے۔