• News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • ایرانی پانیوں میں ایل پی جی ٹینکر پر حملہ، 28 ہندوستانی بحری کارکن محفوظ

ایرانی پانیوں میں ایل پی جی ٹینکر پر حملہ، 28 ہندوستانی بحری کارکن محفوظ

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Jul 25, 2026 IST

ایرانی پانیوں میں ایل پی جی ٹینکر پر حملہ، 28 ہندوستانی بحری کارکن محفوظ
ایران کے قریب سمندری راستوں میں کشیدگی ایک بار پھر بڑھ گئی ہے۔ جمعہ (24 جولائی) کو ایرانی پانیوں میں موزمبیق کے جھنڈے تلے چلنے والے ایل پی جی ٹینکر "دیشا" پر حملہ کیا گیا، تاہم اس پر سوار تمام 28 ہندوستانی بحری کارکن محفوظ ہیں۔ تہران میں واقع ہندوستانی سفارت خانے نے ایک بیان میں بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر ایرانی حکام سے رابطہ کیا گیا۔ سفارت خانے کے مطابق جہاز پر موجود تمام ہندوستانی عملے کے ارکان خیریت سے ہیں اور سفارتی حکام مسلسل ان سے رابطے میں ہیں۔
 
 شپنگ میں جاری رکاوٹیں
 
ایران اور عمان کے درمیان واقع آبنائے ہرمز میں جنگ شروع ہونے سے پہلے دنیا کی توانائی کی سپلائی کا تقریباً پانچواں حصہ اسی راستے سے گزرتا تھا۔ جولائی کے اوائل میں واشنگٹن اور تہران کے درمیان جنگ کے بعد کشیدگی بڑھ گئی۔ اور اس کے بعد سے ہی اس آبی گزرگاہ سے جہازوں کو رکاوٹوں کا سامنا ہے۔
 
ہندوستانی بحری  تنظیم بڑا بیان 
 
ہندوستانی بحری کارکنوں کی نمائندہ تنظیم فارورڈ سی مینز یونین آف انڈیا کے مطابق، "دیشا" خلیج فارس کی جانب جا رہا تھا، جب آبنائے ہرمز کے قریب اسے ایک میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے  کے بارے میں تاحال کوئی باضابطہ معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔
 
آبنائے ہرمز دنیا کے اہم ترین بحری تجارتی راستوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے عالمی توانائی کی بڑی مقدار گزرتی ہے۔ حالیہ ہفتوں میں ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے بعد اس علاقے میں سیکیورٹی خدشات بھی بڑھ گئے ہیں، جس کے باعث بین الاقوامی جہاز رانی متاثر ہو رہی ہے۔
 
ہندوستانی سفارت خانے نے کہا ہے کہ وہ ایرانی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور جہاز کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ تاہم، حملے میں جہاز کو ہونے والے نقصان یا اس کے بعد کی تکنیکی صورتحال کے بارے میں کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔