Tuesday, November 18, 2025 | 27, 1447 جمادى الأولى
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • لالو خاندان کے اندر بغاوت: سنجے سنگھ یادو کا خاندان اور پارٹی کے متعلق بڑا انکشاف

لالو خاندان کے اندر بغاوت: سنجے سنگھ یادو کا خاندان اور پارٹی کے متعلق بڑا انکشاف

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Nov 17, 2025 IST

لالو خاندان کے اندر بغاوت: سنجے سنگھ یادو کا خاندان اور پارٹی کے متعلق بڑا انکشاف
لالو یادو کے خاندان کے نہایت قریبی، سپریم کورٹ کے ایڈووکیٹ اور ان کے خاندانی مقدمات کے مشیر سنجے سنگھ یادو نے خاندان اور پارٹی کے متعلق بڑا انکشاف کیا ہے۔ راشٹریہ جنتا دل میں بد نظمی اور بے ترتیبی پر سنجے سنگھ یادو نے سخت تبصرہ کرتے ہوئے  آر جے ڈی کے قومی صدر لالو پرساد یادو اور سابق وزیر اعلیٰ رابڑی سے مداخلت کر نے کی اپیل کی ہے۔
 
آر جے ڈی کے سینئر لیڈر اور آر جے ڈی نیشنل کونسل کے ممبر سنجے سنگھ یادو نے پارٹی کے اندر بڑھتے ہوئے اختلاف پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم اور خاندان دونوں کے مفاد میں آر جے ڈی کے قومی صدر لالو پرساد یادو اور سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی کو فوری مداخلت کرکے حالات پر قابو پانا چاہیے۔
 
تیج پرتاپ یادو اور روہنی آچاریہ پر الزامات
 
سنجے سنگھ یادو نے الزام لگایا کہ تیج پرتاپ یادو اور روہنی اچاریہ کے حالیہ بیانات اور اقدامات آر جے ڈی کی شبیہ کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ڈسپلن سب سے اہم ہے، لیکن کچھ لیڈروں کے بے قاعدہ بیانات اور متنازعہ طرز عمل تنظیم کو کمزور کر رہے ہیں اور یادو خاندان کی عوامی ساکھ کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
 
تیجسوی یادو کو مغرور کہا
 
تیجسوی یادو کی قیادت پر سوال اٹھاتے ہوئے سنجے سنگھ یادو نے کہا کہ ان کا متکبرانہ رویہ نہ تو پارٹی کے لئے ٹھیک ہے اور نہ ہی خاندان کے اتحاد میں ہے۔ انہوں نے لالو پرساد یادو سے مطالبہ کیا کہ وہ ذاتی طور پر مداخلت کریں اور روہنی آچاریہ اور تیج پرتاپ یادو کو پارٹی اور خاندان کے مرکزی دھارے میں واپس لائیں۔
 
لالو اور رابڑی سے حالات کو سنبھالنے کی اپیل
 
سنجے سنگھ یادو نے کہا کہ جے چند جیسے لوگ پارٹی کے اندر سرگرم ہیں اور اندر سے تنظیم کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اسے بروقت نہ روکا گیا تو آنے والے دنوں میں پارٹی کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ لالو اور رابڑی صورتحال کا ادراک کریں گے اور آر جے ڈی اتحاد کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کریں گے۔