Tuesday, September 08, 2026 | 24 ربيع الأول 1448
  • News
  • »
  • صحت
  • »
  • جدید ٹیکنالوجی سے ریڑھ کے ہڈی کی سرجری۔ کم درد اور جلد صحت یابی کی نئی امید

جدید ٹیکنالوجی سے ریڑھ کے ہڈی کی سرجری۔ کم درد اور جلد صحت یابی کی نئی امید

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Sep 08, 2026 IST

 جدید ٹیکنالوجی سے ریڑھ کے ہڈی کی سرجری۔ کم درد اور جلد صحت یابی کی نئی امید
ریڑھ کی ہڈی سے متعلق مسائل میں گزشتہ چند برسوں کے دوران علاج کے طریقوں میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اب بعض ایسے مریضوں کا بھی کم تکلیف کے ساتھ علاج ممکن ہوگیا ہے جنہیں ماضی میں پیچیدہ سرجری کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ ریڑھ کی ہڈی کی جدید سرجری، اس میں استعمال ہونے والی نئی ٹیکنالوجی اور مریضوں کے لیے اس کے فوائد پر منصف ٹی وی کے خصوصی پروگرام ’’ہیلتھ اور ہم‘‘ میں تفصیلی گفتگو کی گئی۔
 
پروگرام میں Dr. Himanshu R. Prasad، Consultant Spine Surgeon، KIMS-SUNSHINE Hospitals, Begumpet, Hyderabad نے جدید اسپائن سرجری کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
 
انہوں نے بتایا کہ کمر یا گردن کا ہر درد سرجری کا متقاضی نہیں ہوتا۔ بہت سے مریض ادویات، فزیوتھراپی، ورزش اور طرز زندگی میں مناسب تبدیلیوں سے بہتر ہوسکتے ہیں۔ تاہم جب اعصاب پر دباؤ، شدید یا مسلسل درد، کمزوری یا دیگر سنگین علامات موجود ہوں اور غیر جراحی علاج سے فائدہ نہ ہو تو سرجری پر غور کیا جاسکتا ہے۔
 
جدید اسپائن سرجری میں کم سے کم چیرا لگانے(کاٹ یا زخم) والی Minimally Invasive Spine Surgery تکنیکوں نے علاج کے عمل کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ ہدفی بنانے میں مدد دی ہے۔ بعض کیسز میں چھوٹے چیروں کے ذریعے سرجری کی جاتی ہے، جس سے ٹشوز کو کم نقصان پہنچنے، خون کے کم ضیاع اور بحالی کے عمل میں تیزی جیسے فوائد حاصل ہوسکتے ہیں۔ تاہم ہر مریض کے لیے ایک ہی تکنیک موزوں نہیں ہوتی اور فیصلہ بیماری کی نوعیت، عمر، مجموعی صحت اور اسکین رپورٹس کو دیکھ کر کیا جاتا ہے۔
 
اسپائن سرجری میں جدید امیجنگ، نیویگیشن سسٹمز اور دیگر جدید آلات بھی سرجن کو آپریشن کے دوران زیادہ درستگی کے ساتھ کام کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ پیچیدہ کیسز میں یہ ٹیکنالوجی خاص طور پر اہم ہوسکتی ہے۔ماہر کے مطابق مریضوں کو کمر کے درد کو مسلسل نظرانداز نہیں کرنا چاہیے، خصوصاً اگر درد کے ساتھ ٹانگوں یا بازوؤں میں سن ہونا، کمزوری، چلنے میں دشواری یا پیشاب اور پاخانے پر قابو پانے میں اچانک تبدیلی جیسی علامات ظاہر ہوں۔ ایسی صورت میں فوری طبی معائنہ ضروری ہے۔
 
جدید ٹیکنالوجی نے اسپائن سرجری کے امکانات ضرور وسیع کیے ہیں، لیکن کامیاب علاج کا انحصار صرف مشینوں یا جدید تکنیک پر نہیں بلکہ درست تشخیص، تجربہ کار اسپائن سرجن کے مشورے، مناسب مریض کے انتخاب اور سرجری کے بعد بحالی کے پروگرام پر بھی ہوتا ہے۔ بروقت تشخیص اور مناسب علاج سے بہت سے مریض دوبارہ اپنی روزمرہ زندگی کی طرف لوٹ سکتے ہیں۔
 
 قارئین ڈاکٹر  ہمانشو آر پرساد ، کنسلٹنٹ اسپین سرجن۔ کیمزسنشائن ہاسپٹل حیدرآبادکی مکمل گفتگو یہاں👇دیکھ سکتےہیں۔ اورہیلتھ سے جڑے کسی بھی موضوع پر، اہم ویڈیوزمنصف ٹی وی ہیلتھ پر بھی دیکھ سکتےہیں۔