تیز رفتار دورِ حاضر میں بے ترتیب معمولات، غیرمتوازن غذا اور بڑھتا ہوا ذہنی دباؤ انسانی صحت کے لیے سنگین چیلنج بن چکے ہیں۔ اسی اہم موضوع پر منصف ٹی وی کے اسپیشل پروگرام ’ہیلتھ اور ہم‘ میں کیرہاسپٹل، نامپلی حیدرآبادکے سینئر کنسلٹنٹ جنرل و انٹرنل میڈیسن ڈاکٹر ایم اے مقسط قادری نے تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے لائف اسٹائل مینجمنٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
لائف اسٹائل مینجمنٹ کیا ہے
ڈاکٹر قادری کے مطابق لائف اسٹائل مینجمنٹ دراصل اپنی روزمرہ عادات کو درست سمت میں ڈھالنے کا نام ہے۔ کووڈ کے بعد جسمانی سرگرمیوں میں واضح کمی آئی ہے، بچے ہوں یا بڑے، اسکرین ٹائم میں بے تحاشا اضافہ ہوا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ موٹاپا، شوگر اور بلڈ پریشر جیسے امراض تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت برقرار رکھنے کے لیے روزانہ کم از کم 4 سے 8 ہزار قدم چلنا ضروری ہے، جبکہ وزن کم کرنے کے لیے اس سے زیادہ سرگرمی فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔
کھانے کے بعد 10 سے 15 منٹ چہل قدمی
ڈاکٹر ایم اے مقسط قادری نے خاص طور پر کھانے کے اوقات کی پابندی پر زور دیا۔ بے قاعدہ کھانے سے معدے میں تیزابیت اور دیگر مسائل جنم لیتے ہیں۔ بہتر یہ ہے کہ رات کا کھانا جلدی کھایا جائے اور کھانے کے بعد 10 سے 15 منٹ چہل قدمی کی جائے۔ انہوں نے ’انٹرمیٹنٹ فاسٹنگ‘ کو بھی مفید قرار دیا، جس سے انسولین ریزسٹنس کم ہوتی ہے اور شوگر کنٹرول میں مدد ملتی ہے۔
رمضان میں بلڈ پریشر اور شوگر کے مریض کیا کریں
رمضان المبارک کے حوالے سے ڈاکٹر قادری نے بتایا کہ بلڈ پریشر کے مریض سحری میں دوا لے سکتے ہیں، جبکہ شوگر کے مریض اپنے معالج کے مشورے سے دوا کا وقت تبدیل کریں۔ افطار میں میٹھے شربت اور کولڈ ڈرنکس سے پرہیز کرنا چاہیے۔ پھلوں کو جوس بنانے کے بجائے مکمل شکل میں کھانا زیادہ فائدہ مند ہے کیونکہ اس سے فائبر بھی حاصل ہوتا ہے اور شوگر اچانک نہیں بڑھتی۔
متوازن غذا ضروری
انہوں نے غذا کے توازن پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پلیٹ کا آدھا حصہ سبزیوں پر مشتمل ہونا چاہیے، ایک چوتھائی پروٹین اور ایک چوتھائی کاربوہائیڈریٹس۔ تلی ہوئی اشیا، میدہ اور فاسٹ فوڈ سے حتی الامکان پرہیز ضروری ہے۔ ان کے مطابق پروٹین جسم کو طویل مدتی توانائی فراہم کرتا ہے اور قوتِ مدافعت بہتر بناتا ہے۔
6سے7 گھنٹے نیند ضروری ہے
نیند کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ رات کی 6 سے 7 گھنٹے مسلسل نیند جسم کی بحالی کے لیے ناگزیر ہے۔ سونے سے کم از کم آدھا گھنٹہ پہلے موبائل اور اسکرین کا استعمال ترک کرنا بہتر ہے تاکہ نیند کا قدرتی نظام متاثر نہ ہو۔
کیا کریں، کیا نہ کریں
وٹامن ڈی اور کیلشیم کی کمی خصوصاً خواتین میں عام ہے۔ صبح کی دھوپ لینا مفید ہے، بصورت دیگر ڈاکٹر کے مشورے سے سپلیمنٹ لیا جا سکتا ہے۔ اسی طرح تمباکو نوشی اور الکحل کے نقصانات سے بھی خبردار کرتے ہوئے انہوں نے نوجوانوں کو ان عادات سے دور رہنے کا مشورہ دیا۔
لائف اسٹائل درست ہوتومریض کی دوائیں چھوٹ جاتی ہیں
ڈاکٹر قادری کے مطابق اگر انسان اپنی لائف اسٹائل درست کر لے تو 90 فیصد تک بلڈ پریشر کنٹرول کیا جا سکتا ہے اور کئی شوگر کے مریض ادویات کم یا ترک بھی کر سکتے ہیں، بشرطیکہ وہ باقاعدگی اور مستقل مزاجی اختیار کریں۔
پروگرام کے اختتام پریہی پیغام دیا گیا کہ صحت مند زندگی کوئی مشکل ہدف نہیں، بلکہ متوازن غذا، باقاعدہ ورزش، مناسب نیند اور مثبت طرزِ فکر کا مجموعہ ہے۔ چھوٹی چھوٹی مثبت تبدیلیاں ہی بڑی بیماریوں سے بچاؤ کا ذریعہ بنتی ہیں۔ قارئین آپ اس پروگروام کی مکمل ویڈیویہاں دیکھ سکتےہیں۔