Tuesday, September 16, 2025 | 24, 1447 ربيع الأول
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • مہاراشٹر: ناسک کے ایک پرائیویٹ اسکول میں بم کی دھمکی، خوف و ہراس کا ماحول

مہاراشٹر: ناسک کے ایک پرائیویٹ اسکول میں بم کی دھمکی، خوف و ہراس کا ماحول

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Sep 16, 2025 IST     

image
دہلی اور مہاراشٹرا سمیت کئی اضلاع میں مختلف مقامات پر بم کی دھمکیوں کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ اب ناسک کے اندرا نگر میں واقع کیمبرج اسکول کو بم دھماکے کی وارننگ دی گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اسکول کو ایک میل موصول ہوا جس میں لکھا گیا کہ باتھ روم میں بم رکھا گیا ہے۔میل کی اطلاع ملتے ہی اسکول انتظامیہ نے طلبہ کو کلاس سے باہر نکال کر کیمپس کے مرکز میں جمع کیا۔ پھر والدین کو بلایا گیا اور طلبا کو گھر لے جانے کو کہا گیا۔ اس سے والدین میں بھی خوف و ہراس پھیل گیا۔جیسے ہی اندرا نگر پولیس کو اسکول کو دھمکی آمیز میل موصول ہونے کی اطلاع ملی بم اسکواڈ موقع پر پہنچ گیا۔
 
 پولیس اور بم اسکواڈ نے پورے اسکول کا معائنہ کیا اور پتہ چلا کہ یہ محض افواہ ہے۔پولیس تمام سوالات کے جوابات تلاش کرنے کیلئے چھان بین کر رہی ہے۔کیمبرج اسکول کے وائس پرنسپل وجے رہانے نے بتایا کہ پولیس نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ تاہم چھان بین کے دوران کوئی مشکوک چیز نہیں ملی جس پر سب نے سکون کی سانس لی۔تحقیقات کے بعد انسپکٹر نے واضح کیا کہ اسکول کا احاطہ محفوظ ہے اور خوف کی کوئی بات نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ مزید تحقیقات سائبر پولیس کے حوالے کی جارہی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ میل کس نے بھیجی تھی۔ 
 
حال ہی میں بمبئی ہائی کورٹ کو بم کی دھمکی ملی تھی:
 
حال ہی میں دہلی اور بمبئی ہائی کورٹ کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی تھی۔ تاہم جب معاملے کی چھان بین کی گئی تو کچھ بھی مشکوک نہیں ملا۔ ای میل کے ذریعے دی گئی دھمکی میں کہا گیا کہ جج کے کمرے میں 3 بم رکھے گئے ہیں۔جس کے بعد عدالت کے احاطے کو خالی کرا لیا گیا اور سرچ آپریشن کیا گیا۔ 
 
دہلی کے مشہور تاج پیلس ہوٹل کو بھی دھمکیاں ملیں:
 
حال ہی میں دہلی کے باوقار تاج پیلس ہوٹل کو بھی ہفتہ کو بم کی دھمکی ملی تھی۔ اس کے بعد دہلی پولیس میں خوف و ہراس پھیل گیا اور اس نے ہوٹل میں بڑے پیمانے پر تلاشی مہم چلائی۔ یہاں بھی تفتیش کے بعد کوئی مشتبہ چیز نہیں ملی۔ اس کے بعد پولیس نے اسے جھوٹی دھمکی قرار دیا۔
 
پولیس کی تفتیش کے دوران ہوٹل کے مہمانوں اور عملے کو چند گھنٹوں تک تکلیف کا سامنا کرنا پڑا تاہم کوئی خطرہ نہیں ملا۔ دہلی پولیس کے مطابق، ہوٹل انتظامیہ کو صبح ایک ای میل موصول ہوئی تھی جس میں بم دھماکے کی دھمکی دی گئی تھی۔ اس کے فوراً بعد پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ہوٹل کے تمام حصوں کی اچھی طرح تلاشی لی، لیکن کچھ نہیں ملا۔