شادی کے خواہشمند نوجوانوں کو نشانہ بنا کر انھیں لوٹنے والی شاطر خاتون کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔خاتون نے سات مہینوں میں 25 مردوں شادی کر کے نقد رقم، زیوارات، قیمتی سامان لیکر فرار ہوتی تھی۔ تفصیلات کے مطابق شادی کے خواہشمند غیر شادی شدہ مردوں کو نشانہ بنانے اور ان سے شادی کرنے کے بعد ان کا قیمتی سامان لوٹنے والی خاتون کو راجستھان پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ نوبیاہتا دلہن زیورات اور نقدی لے کر فرار ہونے کی کئی شکایات کے بعد، پولیس نے خفیہ کارروائی کرتے ہوئے اسے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ سوائی مادھوپور پولیس نے اسے پیر کو بھوپال میں حراست میں لے لیا تھا۔ پوچھ تاچھ کے دوران انکشاف ہوا کہ اس نے گزشتہ سات ماہ کے دوران اسی طرح 25 مردوں کو دھوکہ دیا تھا۔ پولیس نے شادی کے ریکیٹ کو بھی بے نقاب کر دیا ہے اور اس کے گینگ کے ارکان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
اتر پردیش کے مہاراج گنج کی رہنے والی 23 سالہ انورادھا پاسوان پہلے ایک ہسپتال میں کام کرتی تھیں۔ گھریلو جھگڑوں کی وجہ سے اپنے شوہر سے طلاق لینے کے بعد وہ مدھیہ پردیش منتقل ہوگئیں۔ بھوپال میں آباد ہو کر، اس نے مبینہ طور پر شادی کا ریکیٹ چلایا۔ اس گینگ نے خاص طور پر ان مردوں کو نشانہ بنایا جو شادی کے خواہش مند تھے۔لولیٹروں کی گینگ کے ارکان نے ، انورادھا کی تصویر دکھا کر اور قانونی طور پر جائز شادی کا اہتمام کرنے کے بہانے بھاری کمیشن وصول کرتے تھے۔ اور شادی کے خواہش مند افراد کو لوٹ لیا کرتے تھے۔
شادی کے بعد انورادھا کچھ دنوں تک دولہے کے خاندان کے ساتھ رہنے کے بعد، سونا، نقدی اور الیکٹرانک اشیاء لے کر راتوں رات فرار ہوتی تھی ۔ کہا جاتا ہے کہ اس نے یہ گھوٹالہ متعدد ریاستوں میں انجام دیا اور صرف سات مہینوں میں 25 مردوں کو نشانہ بنایا۔ یہ دھوکہ دہی 3 مئی کو سوائی مادھو پور کے وشنو شرما کی طرف سے درج کرائی گئی شکایت کے بعد سامنے آئی۔ وشنو شرما نے دعویٰ کیا کہ اس نے انورادھا کے ساتھ شادی طے کرنے کے لیے دو ایجنٹوں سنیتا اور پپو مینا کو 2 لاکھ روپے ادا کیے تھے۔ وشنو شرما کے مطابق یہ شادی 20 اپریل کو مقامی عدالت میں قانونی طور پر ہوئی تھی لیکن انورادھا 2 مئی کو قیمتی گھریلو سامان لے کر فرار ہو گئی۔
شکایت ملنے کے بعد ، پولیس نے فرضی دولہے کے بھیس میں ایک کانسٹیبل کو پیش کیا۔ شادی کے ایجنٹوں کے ساتھ بات چیت کرنے پر، کانسٹیبل نے انورادھا کی ایک تصویر حاصل کی اور ایک میٹنگ کا اہتمام کیا، جس کی تفصیلات پولیس کانسٹیبل نے سینئر افسران کو دی۔ اس کے بعد پولیس نے چھاپہ مارا اور انورادھا کو حراست میں لے لیا۔پولیس نے ریکیٹ میں ملوث دیگر مشتبہ افراد کی شناخت کی ہے، جن میں روشن، رگھوبیر، گولو، مضبوط سنگھ یادو، اور ارجن شامل ہیں۔ گینگ کے باقی ارکان کی گرفتاری کے لیے پولیس کا سرچ آپریشن جاری ہے۔