اتر پردیش کے متھرا میں منگل کی صبح ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ چار سے پانچ بسوں اور ایک کار میں تصادم کے بعد آگ لگ گئی۔ آگ لگنے کے بعد موقع پر چیخ و پکار مچ گئی۔ کئی لوگوں کے زندہ جل جانے کی اطلاع ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ متھرا کے ضلع افسر نے دو لوگوں کی موت کی تصدیق کی ہے۔ یہ واقعہ بلدیو تھانہ علاقہ کے تحت یمنا ایکسپریس وے پر پیش آیا۔ پولیس اور یمنا ایکسپریس وے کی ٹیم بچاؤ اور راحت کے کام میں لگی ہوئی ہے۔
زخمیوں کو علاج کیلئے اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق فائر بریگیڈ کی 14 گاڑیاں اور 14 ایمبولینس نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ ضلع مجسٹریٹ، ایس ایس پی، اور سی او، ایس ڈی ایم نے بھی مقام کا دورہ کیا۔ فائر فائٹرز نے آگ پر قابو پالیا ہے اور ایکسپریس وے کے اس حصے پر ٹریفک کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔اس دوران متھرا کے ایس ایس پی شولک کمار نے بتایاکہ اس حادثہ میں ابھی تک چھ افراد کے مرنے کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 80 افراد زخمی ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیاہے۔
زخمیوں کو ضلع اسپتال متھرا اور 100 بستروں والے اسپتال ورنداون میں داخل کرایا گیا ہے۔ شدید زخمیوں کو ایس این میڈیکل کالج آگرہ ریفر کر دیا گیا۔ اڑتیس افراد اس وقت ڈسٹرکٹ ہسپتال میں داخل ہیں اور ان کا علاج جاری ہے۔ انتیس بلدیو سی ایچ سی میں ہیں۔ کانپور کے رہنے والے امن یادو نے بتایا کہ وہ اور اس کے دوست بنکے بہاری مندر دیکھنے کے لیے کار سے جا رہے تھے۔ گھنی دھند کی وجہ سے حد نگاہ کم تھی۔ اچانک سامنے سے آنے والی ایک گاڑی ان کی کار سے ٹکرا گئی اور کئی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔
ہمیر پور سے تعلق رکھنے والی نسیمہ نے بتایا کہ وہ اپنے شوہر کے ساتھ کام کرنے کے لیے پانی پت جا رہی تھیں۔ ان کی بس دوسری بس سے ٹکرا گئی جس سے آگ لگ گئی۔ ان کی جان تو کسی طرح بچ گئی لیکن ان کے شوہر شدید زخمی ہو گئے۔ حادثے کے بعد آگرہ سے نوئیڈا جانے والے یمنا ایکسپریس وے پر طویل ٹریفک جام ہوگیا، جسے بعد میں ٹریفک پولیس نے متبادل راستوں سے صاف کیا۔