آئی پی ایل 2026 سے پہلے گجرات ٹائٹنز نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے اپنے کوچنگ اسٹاف میں اہم تبدیلی کی ہے۔ فرنچائز نے آئندہ سیزن کے لیے آسٹریلیا کے سابق عظیم بلے باز میتھیو ہیڈن کو ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ٹیم نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے ہیڈن کی تقرری کا اعلان کیا۔ اور پوسٹ کے کیپشن میں لکھا ،پاور ہاؤس۔ لیجنڈ۔ ہمارے نئے بیٹنگ کوچ، واضح رہے کہ میتھیو ہیڈن اپنی جارحانہ اور تیز رفتار بیٹنگ کے لیے مشہور رہے ہیں۔ اسی وجہ سے انہیں گجرات ٹائٹنز کی بیٹنگ حکمتِ عملی کے لیے ایک بہترین انتخاب سمجھا جا رہا ہے۔
میتھیو ہیڈن نے کیا کہا؟
بیٹنگ کوچ بننے کے بعد میتھیو ہیڈن نے کہا اچھی بیٹنگ مخالف ٹیم پر دباؤ ڈالتی ہے اور شاندار بیٹنگ میچ پر اپنا غلبہ قائم کر دیتی ہے۔ گجرات ٹائٹنز میں ہم اسی معیار کو قائم کرنا چاہتے ہیں۔
پچھلے سیزن میں گجرات ٹائٹنز کی کارکردگی
آئی پی ایل کے اپنے ڈیبیو سیزن میں ٹائٹل جیتنے والی گجرات ٹائٹنز نے 2025 کے سیزن میں بھی اچھی کارکردگی دکھائی اور پلے آف کے لیے کوالیفائی کیا۔ ٹیم نے 14 میں سے 9 لیگ میچ جیتے جبکہ 4 میچ ہارے اور 1 میچ بے نتیجہ رہا۔ تاہم پلے آف مرحلے میں ٹیم کو ممبئی انڈینز کے خلاف ایلیمنیٹر میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
میتھیو ہیڈن کا بین الاقوامی کیریئر
اگر میتھیو ہیڈن کے بین الاقوامی کیریئر کی بات کریں تو انہوں نے 103 ٹیسٹ، 161 ون ڈے اور 9 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلے۔ٹیسٹ کرکٹ میں انہوں نے 184 اننگز میں 50.73 کی اوسط سے 8625 رنز بنائے۔ اس دوران انہوں نے 30 سنچریاں اور 29 نصف سنچریاں اسکور کیں، جبکہ ان کا سب سے بڑا اسکور 380 رنز رہا۔ ون ڈے کرکٹ میں انہوں نے 155 اننگز میں 43.80 کی اوسط سے 6133 رنز بنائے، جس میں 10 سنچریاں اور 36 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ان کا سب سے بڑا اسکور 181 ناٹ آؤٹ رہا۔ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں انہوں نے 9 اننگز میں 51.33 کی اوسط اور 143.92 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 308 رنز بنائے، جن میں 4 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ اس فارمیٹ میں ان کا سب سے بڑا اسکور 73 ناٹ آؤٹ رہا۔