Tuesday, March 10, 2026 | 20 رمضان 1447
  • News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • تلنگانہ کے نئےمقرر کردہ گورنر شیو پرتاپ شکلا کا حیدرآباد میں استقبال

تلنگانہ کے نئےمقرر کردہ گورنر شیو پرتاپ شکلا کا حیدرآباد میں استقبال

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Mar 10, 2026 IST

تلنگانہ کے نئےمقرر کردہ گورنر شیو پرتاپ شکلا کا حیدرآباد میں استقبال
تلنگانہ کے نو مقرر کردہ گورنر شیو پرتاپ شکلا منگل کو حیدرآباد  پہنچے۔، ریاستی وزیراعلیٰ اے ریونت ریڈی نے راجیو گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے (آر جی آئی اے) پر ان کا استقبال کیا۔صنعت اور آئی ٹی کے وزیر ڈی سریدھر بابو، چیف سکریٹری کے رام کرشن راؤ، ڈائرکٹر جنرل آف پولیس بی شیودھر ریڈی اور دیگر سینئر افسران بھی شکلا کے استقبال کے لیے موجود  رہے۔

 جمعرات کونئے گورنر کی حلف برداری 

صدر جمہوریہ  دروپدی مرمو نے جمعرات کو شکلا کو تلنگانہ کا نیا  گورنر مقرر کیا۔امکان ہے کہ وہ بدھ کو نئے گورنر کے طور پر حلف لیں گے۔شکلا، جو اس وقت ہماچل پردیش کے گورنر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، جشنو دیو ورما کی جگہ لیں گے، جنہیں مہاراشٹر کا گورنر مقرر کیا گیا ہے۔

جشنو دیوورما کی الواعی تقریب 

جشنو دیوورما نے 31 جولائی 2024 کو تلنگانہ کے گورنر کی حیثیت سے چارج سنبھالا تھا۔ انہیں پیر کو پرتپاک الوداع کیا گیا۔ چیف سکریٹری رام کرشن راؤ، حیدرآباد ڈسٹرکٹ کلکٹر ہری چندنا داساری، اسپیشل چیف سکریٹری دانا کشور اور دیگر عہدیداروں نے ورما اور ان کے ارکان خاندان کو الوداع کیا۔
شیو پرتاپ شکلا نے 18 فروری 2023 کو ہماچل پردیش کے گورنر کے طور پر حلف لیا۔

 شیو پرتاپ شکلا کا کریئر 

1 اپریل 1952 کو اتر پردیش کے گورکھپور ضلع کے رودر پور گاؤں میں پیدا ہوئے، وہ اپنے زمانہ طالب علمی میں اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (ABVP) سے وابستہ تھے۔انہوں نے 1983 میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شمولیت اختیار کی اور 1989 میں پہلی بار گورکھپور نگر اسمبلی حلقہ سے منتخب ہوئے۔
 
وہ 1991 میں دوبارہ منتخب ہوئے اور یو ٹی،بی جے پی کی پہلی حکومت کے وزیر اعلیٰ کلیان سنگھ کی حکومت میں بنیادی تعلیم، بالغ تعلیم اور زبان کے محکمے کے وزیر مملکت کا آزادانہ چارج سنبھالا۔ انہوں نے باغبانی، کھیل، یوتھ ویلفیئر اور فوڈ پروسیسنگ کے قلمدان بھی سنبھالے۔
 
1996 میں چوتھی بار اسمبلی کے لیے منتخب ہونے کے بعد، انہوں نے کلیان سنگھ، رام پرکاش گپتا اور راج ناتھ سنگھ کی حکومتوں میں جیل، قانون و انصاف اور دیہی ترقی کے محکمے کے کابینہ وزیر کے طور پر اپنے فرائض سرانجام دیے۔
 
2016 میں وہ اتر پردیش سے راجیہ سبھا کے رکن منتخب ہوئے اور 2017 میں مودی حکومت میں وزیر مملکت برائے خزانہ کی ذمہ داری سنبھالی۔ انہوں نے 4 جولائی 2022 تک راجیہ سبھا کے رکن کے طور پر خدمات انجام دیں۔