Wednesday, February 04, 2026 | 16, 1447 شعبان
  • News
  • »
  • صحت
  • »
  • بلڈ کینسر کیا ہے؟ لیوکیمیا پر ماہر ڈاکٹر کی اہم معلومات

بلڈ کینسر کیا ہے؟ لیوکیمیا پر ماہر ڈاکٹر کی اہم معلومات

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Feb 04, 2026 IST

بلڈ کینسر کیا ہے؟ لیوکیمیا پر ماہر ڈاکٹر کی اہم معلومات
کئی دفعہ ہم نے فلموں اور ڈراموں میں بلڈ کینسر کا ذکر سنا ہوگا، مگر بہت کم لوگ اس بات سے واقف ہیں کہ یہ مرض صرف سگریٹ نوشی یا شراب نوشی کی وجہ سے ہی لاحق نہیں ہوتا بلکہ اس کے پیچھے کئی دیگر طبی وجوہات بھی ہو سکتی ہیں۔ ماہرین کے مطابق جینیاتی تبدیلیاں، ماحولیاتی اثرات اور مدافعتی نظام کی کمزوری بھی بلڈ کینسر کا سبب بن سکتی ہے۔
 
آج ہم بات کر رہے ہیں لیوکیمیا کی، جو بلڈ کینسر کی ایک اہم قسم ہے۔ اس سلسلے میں کیر ہاسپٹل، ملک پیٹ، حیدرآباد کے سینئر کنسلٹنٹ ہیمیٹولوجسٹ اور میڈیکل آنکولوجسٹ ڈاکٹر ایم اے سبور شاہروز نے اہم معلومات فراہم کیں۔ ان کا کہنا ہے کہ لیوکیمیا میں خون کے سفید خلیے غیر معمولی طور پر بڑھنے لگتے ہیں جو جسم کے دفاعی نظام کو متاثر کرتے ہیں۔
 
ڈاکٹر سبور شاہروز کے مطابق لیوکیمیا کی علامات میں بار بار بخار آنا، شدید تھکن، وزن میں کمی، انفیکشن، خون بہنا یا نیل پڑ جانا شامل ہیں۔ یہ بیماری دو بڑی اقسام میں تقسیم کی جاتی ہے جن میں ایکیوٹ لیوکیمیا تیزی سے پھیلتا ہے جبکہ کرونک لیوکیمیا آہستہ آہستہ بڑھتا ہے۔ ایکیوٹ لیوکیمیا زیادہ تر بچوں میں پایا جاتا ہے جبکہ کرونک اقسام عموماً بڑوں میں تشخیص ہوتی ہیں۔
 
ماہرین کا کہنا ہے کہ لیوکیمیا کی بروقت تشخیص نہایت اہم ہے، جس کے لیے خون کے ٹیسٹ اور بون میرو ٹیسٹ کیے جاتے ہیں۔ بون میرو ٹیسٹ کے ذریعے یہ جانچ کی جاتی ہے کہ بیماری کس حد تک پھیل چکی ہے اور کس نوعیت کی ہے۔
 
ڈاکٹر کے مطابق لیوکیمیا ایک متعدی بیماری نہیں ہے اور نہ ہی ہر مریض میں یہ موروثی ہوتی ہے۔ علاج کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ لیوکیمیا کا علاج جدید طبی سہولیات کے ذریعے ممکن ہے جس میں کیموتھراپی، ٹارگیٹڈ تھراپی، امیونو تھراپی اور بعض صورتوں میں بون میرو ٹرانسپلانٹ شامل ہے۔
 
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر بیماری کی بروقت تشخیص ہو جائے تو کئی مریض مکمل طور پر صحت یاب ہو سکتے ہیں۔ مریضوں کو علاج کے دوران صحت مند طرزِ زندگی اپنانا، صاف ستھری غذا استعمال کرنا اور ڈاکٹر کی ہدایات پر سختی سے عمل کرنا چاہیے۔
 
ماہرین صحت عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ کسی بھی غیر معمولی علامت کو نظر انداز نہ کریں اور فوری طور پر ماہر ڈاکٹر سے رجوع کریں کیونکہ بروقت علاج ہی زندگی بچانے کا بہترین ذریعہ ہے۔
 
مکمل جانکاری کے لیے ویڈیو دیکھیں: