Tuesday, March 03, 2026 | 13 رمضان 1447
  • News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا اعلان: قطر اور یو اے ای میں امریکی اڈوں کو بنایا نشانہ

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا اعلان: قطر اور یو اے ای میں امریکی اڈوں کو بنایا نشانہ

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Feb 28, 2026 IST

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا اعلان: قطر اور یو اے ای میں امریکی اڈوں کو بنایا نشانہ
مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے  کے مطابق ہفتے کے روز متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی اور دبئی کے نواحی علاقوں میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ اسی دوران AFP نے اطلاع دی کہ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں بھی دھماکے ہوئے ہیں۔ ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے خطے میں موجود امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے۔
 
متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ملک کے فضائی دفاعی نظام نے متعدد ایرانی میزائلوں کو فضا ہی میں تباہ کر دیا۔ تاہم ابوظہبی کے ایک رہائشی علاقے میں میزائل کا ملبہ گرنے سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔
 
ایرانی پاسدارانِ انقلاب، (آئی آر جی سی) نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم نے قطر اور متحدہ عرب امارات میں امریکی اڈوں کے ساتھ ساتھ اسرائیل میں فوجی اور سیکیورٹی مراکز کو نشانہ بنایا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ بحرین میں امریکی پانچویں بحری بیڑے کے ہیڈکوارٹر کو میزائلوں اور ڈرونز سے ہدف بنایا گیا۔
 
بحرین میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ بحرین کی وزارت داخلہ نے ملک بھر میں سائرن بجانے کی تصدیق کرتے ہوئے شہریوں اور رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر پناہ لینے کی ہدایت کی۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تصاویر میں دارالحکومت منامہ میں میزائل حملے کے اثرات دکھائے گئے ہیں۔ رائٹرز کے مطابق جفیر کے علاقے سے دھواں اٹھتا دیکھا گیا، جہاں امریکی بحری اڈہ واقع ہے۔ بحرین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے رپورٹ کیا کہ امریکی ففتھ فلیٹ کے سروس سینٹر کو میزائل حملے میں نشانہ بنایا گیا۔
 
ادھر اردن کی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے دو بیلسٹک میزائلوں کو کامیابی سے تباہ کر دیا۔ قطری وزارت دفاع نے بھی کہا ہے کہ اس نے قطری سرزمین کو نشانہ بنانے والے متعدد حملوں کو ناکام بنا دیا ہے۔ قطری وزارت داخلہ نے شہریوں کو گھروں میں رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
 
صورتحال کے پیش نظر کویت، متحدہ عرب امارات اور قطر نے عارضی طور پر اپنی فضائی حدود بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس سے خطے میں ہوائی سفر شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ تازہ پیش رفت سے ظاہر ہوتا ہے کہ خطے میں جاری کشیدگی ایک نئے اور خطرناک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، جبکہ عالمی برادری کی نظریں اب ممکنہ سفارتی کوششوں اور آئندہ ردِعمل پر مرکوز ہیں۔