یہ کہاوت بالکل درست ہے کہ تندسرستی ہزار نعمت ہے، لیکن آج کی تیز رفتار اور مصروف زندگی میں انسان اپنی صحت کو نظر انداز کردیتا ہے، جس کے نتیجے میں کئی سنگین بیماریاں جنم لیتی ہیں۔ انہی جان لیوا بیماریوں میں ایک نام کینسر کا بھی ہے، جس سے آج دنیا بھر میں لاکھوں افراد متاثر ہیں۔ تاہم جدید سائنسی ترقی نے اس مرض کے علاج کو نہ صرف ممکن بلکہ مؤثر بھی بنا دیا ہے۔ انہی اہم پیش رفتوں پر روشنی ڈالنے کے لیے منصف ٹی وی کے خاص پروگرام ’’ ہیلتھ اور ہم‘‘ میں اس بار یَشودا ہاسپٹل، ہائی ٹیک سٹی کے سینئر ہیمیٹو آنکولوجسٹ اور بی ایم ٹی اسپیشلسٹ ڈاکٹر گنیش جئے شیٹوار کو مدعو کیا گیا، جنہوں نے بلڈ کینسر سے متعلق کئی اہم اور حوصلہ افزا پہلوؤں پر تفصیل سے گفتگو کی۔
بلڈ کینسر کی تین اقسام
ڈاکٹر گنیش نے بتایا کہ بلڈ کینسر کوئی ایک بیماری نہیں بلکہ اس کی تین بڑی اقسام ہیں: لیوکیمیا، لمفوما اور ملٹی پل مائیلوما۔ لیوکیمیا بون میرو میں پیدا ہوتا ہے جہاں خون بنتا ہے، لمفوما لمف نوڈس کو متاثر کرتا ہے جبکہ مائیلوما ہڈیوں کو کمزور کر دیتا ہے۔ ان تینوں اقسام کے کئی ذیلی ٹائپس ہیں، جن کا علاج جدید دور میں بڑی حد تک ممکن ہو چکا ہے۔
بلڈ کینسر سے خوفزدہ نہ ہوں
انہوں نے واضح کیا کہ 2026 کے دور میں بلڈ کینسر سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں، کیونکہ جدید کیموتھراپی، امیونو تھراپی، ٹارگٹڈ تھراپی اور CAR-T سیل تھراپی جیسے جدید علاج دستیاب ہیں۔ خاص طور پر بچوں میں پائے جانے والے ایکیوٹ لیوکیمیا میں 90 سے 95 فیصد تک مکمل شفا ممکن ہے، جو کہ ایک غیر معمولی پیش رفت ہے۔
بلڈ کینسر کی کوئی مخصوص وجہ نہیں ہوتی
ڈاکٹر گنیش کے مطابق بلڈ کینسر کی کوئی مخصوص وجہ نہیں ہوتی، نہ یہ چھوت کی بیماری ہے اور نہ ہی ماں سے بچے میں منتقل ہوتی ہے۔ یہ جینیاتی سطح پر خلیات میں خرابی کے باعث پیدا ہوتا ہے اور کسی بھی عمرمیں ہو سکتا ہے، اگرچہ کچھ اقسام مخصوص عمر میں زیادہ دیکھی جاتی ہیں۔
کونسا بلڈ ٹیسٹ ضروری
انہوں نے بلڈ کینسر کی علامات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر کسی شخص کو بار بار بخار، غیر معمولی تھکن، تیزی سے وزن کم ہونا، رات کو پسینہ آنا، ہڈیوں میں درد، بار بار انفیکشن یا گردن، بغل یا ران میں گلٹیاں محسوس ہوں تو فوراً ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔ ایک سادہ سا CBC (Complete Blood Count) ٹیسٹ، جو معمولی خرچ میں دستیاب ہے، کئی سنگین بیماریوں کی بروقت نشاندہی کر سکتا ہے۔
CAR-T سیل تھراپی ایک انقلابی علاج
ڈاکٹر گنیش نے CAR-T سیل تھراپی کو ایک انقلابی علاج قرار دیا اور کہا کہ اب یہ تھراپی بھارت میں بھی دستیاب ہے، جس کی لاگت پہلے کے مقابلے میں کہیں کم ہے۔ یہ علاج خاص طور پر ان مریضوں کے لیے مؤثر ہے جن پر روایتی علاج کارگر ثابت نہ ہو۔
ڈاکٹر کا پیغام،عوام کے نام
عوام کو پیغام دیا کہ بلڈ کینسر کا بروقت اور درست علاج ممکن ہے۔ گھبرانے کے بجائے حوصلے اور اعتماد کے ساتھ ماہر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ جدید میڈیکل سائنس نے اس مرض کو بڑی حد تک قابلِ علاج بنا دیا ہے اور مریض نارمل، صحت مند زندگی گزار سکتے ہیں۔
ڈاکٹر گنیش جئے شیٹوار یشودا ہاسپٹل، ہائی ٹیک سٹی میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور بلڈ کینسر کے مریض ان سے براہِ راست رجوع کر سکتے ہیں۔