Friday, September 11, 2026 | 27 ربيع الأول 1448
  • News
  • »
  • کاروبار
  • »
  • پوتن کا بھارت پہنچتے ہی بڑا سفارتی مشن، آج مودی سے اہم مذاکرات

پوتن کا بھارت پہنچتے ہی بڑا سفارتی مشن، آج مودی سے اہم مذاکرات

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Afreen Begum | Last Updated: Sep 11, 2026 IST

پوتن کا بھارت پہنچتے ہی بڑا سفارتی مشن، آج مودی سے اہم مذاکرات
روسی صدر ولادیمیر پوتن برکس سربراہی اجلاس 2026 میں شرکت کے لیے بھارت پہنچ گئے ہیں۔ اپنے دورے کے دوران وہ وزیراعظم نریندر مودی سے دو طرفہ بات چیت کریں گے اور دیگر رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ پوتن کا استقبال وزیر مملکت برائے امور خارجہ کے وی سنگھ نے کیا۔ ان کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی بھارت پہنچا ہے۔ یہ دورہ اس لیے بھی اہم ہے کہ فروری 2022 میں یوکرین جنگ شروع ہونے کے بعد یہ پوتن کا روس سے باہر کسی برکس سربراہی اجلاس میں ذاتی طور پر شرکت کا پہلا موقع ہے۔
 

 برکس سربراہی اجلاس میں اہم امور

بھارت کی میزبانی میں برکس سربراہی اجلاس 12 اور 13 ستمبر کو نئی دہلی میں ہوگا۔ اجلاس میں خوراک، توانائی، صحت، قدرتی آفات کے اثرات کو کم کرنے اوراہم اشیا کی پیداوار اور انہیں لوگوں تک پہنچانے کے نظام کو بہتر بنانے جیسے امور پر توجہ دی جائے گی۔یہ اجلاس ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب دنیا کو روس-یوکرین جنگ، مغربی ایشیا کی کشیدگی اور عالمی تجارت و ٹیرف پالیسیوں کے اثرات کا سامنا ہے۔
 

 مودی اور پوتن کی ملاقات میں کیا ہوگا؟

وزیراعظم مودی اور صدر پوتن کی دو طرفہ ملاقات جمعہ، 11 ستمبر کو ہوگی۔ دونوں رہنما دفاع، توانائی، تجارت، ٹیکنالوجی، دواسازی اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات کر سکتے ہیں۔ ملاقات میں توانائی کے تحفظ، سرحد پار ادائیگی کے طریقہ کار، تجارتی تعاون اور مشرقی یورپ و مغربی ایشیا کی موجودہ صورتحال پر بھی بات ہونے کی توقع ہے۔ حالیہ اطلاعات کے مطابق دفاعی تعاون میں روس کے ایس یو-57 طیارے کی ٹیکنالوجی، جوہری توانائی اور تجارت بھی اہم موضوعات میں شامل ہو سکتے ہیں۔
 

 برکس اجلاس میں کون کون شریک ہوگا؟

پوتن کے علاوہ چین کے صدر شی جن پنگ، ایران کے صدر مسعود پزشکیان، جنوبی افریقہ کے صدر  سرل رامافوسا، انڈونیشیا کے صدر پرابووو سوبیانتو ، مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی اور دیگر رہنماؤں کی شرکت متوقع ہے۔
 

 پوتن برکس بزنس فورم سے خطاب کریں گے

پوتن 11 ستمبر کو برکس بزنس فورم کے سالانہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔ یہ فورم برکس ممالک کے کاروباری نمائندوں کے درمیان بات چیت کا اہم پلیٹ فارم ہے۔ اس کے بعد پوتن وزیراعظم مودی کے ساتھ ’INNOPROM ‘ نمائش کا دورہ کریں گے۔ یہ نمائش روس اور بھارت کی صنعت و تجارت کی وزارتوں نے مشترکہ طور پر منعقد کی ہے۔
 

سرحد پار ڈیجیٹل ادائیگیوں کا معاملہ

بھارت برکس ممالک کے مرکزی بینکوں کی ڈیجیٹل کرنسیوں کو آپس میں جوڑنے کی تجویز آگے بڑھا رہا ہے، تاکہ مختلف ممالک کے درمیان ادائیگیاں آسان اور تیز ہو سکیں۔ یہ معاملہ برکس اجلاس کے ایجنڈے کا حصہ بن سکتا ہے۔
 

دفاعی تعاون بھی اہم موضوع

تازہ رپورٹس میں دفاعی تعاون کو بھی مودی-پوتن ملاقات کے اہم موضوعات میں شمار کیا گیا ہے، خاص طور پر روسی دفاعی ٹیکنالوجی اور ایس-400 سے متعلق معاملات کا ذکر سامنے آیا ہے۔
 
پوتن کی بھارت میں دیگر رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔ ان میں ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم اور برکس نیو ڈیولپمنٹ بینک کی سربراہ ڈلما روسیف سے ملاقات بھی شامل ہے۔