Friday, February 06, 2026 | 18, 1447 شعبان
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • ممبئی، پو نے ایکسپریس وے پر افسوس ناک حادثہ

ممبئی، پو نے ایکسپریس وے پر افسوس ناک حادثہ

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Feb 04, 2026 IST

ممبئی، پو نے ایکسپریس وے پر افسوس ناک حادثہ
ممبئی، پونے ایکسپریس وے پر ایک افسوس ناک حادثہ پیش آیا،  ایک گیس ٹینکر کے الٹ جانے سے یہاں شدید بحران پیدا ہو گیا ہے۔ کھنڈالا گھاٹ کے علاقے میں پیش آنے والے اس حادثے کے بعد دونوں سمتوں میں ٹریفک مکمل طور پر مفلوج ہو گئی۔ جس کے باعث سینکڑوں گاڑیاں گھنٹوں تک پھنس کر رہ گئیں۔ حکام کے مطابق حادثے کے مقام  پر ٹریفک بارہ گھنٹے سے زائد وقت تک متاثر رہی۔ جبکہ خواتین اور بچوں سمیت مسافروں کو خوراک، پانی اور بیت الخلا جیسی بنیادی سہولتوں کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑا۔ ہائی وے ٹریفک پولیس نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ معمول کی آمد و رفت بحال ہونے تک ممبئی پونے ایکسپریس وے پر سفر سے گریز کریں۔
 
اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ شام تقریباً 6:15 بجے پیش آیا، جب موڑ پر ٹینکر کا توازن بگڑ گیا اور وہ الٹ گیا۔ حادثے کے فوراً بعد گیس کے اخراج کی اطلاع ملتے ہی حکام نے پو نے سے ممبئی جانے والی لین کو فوری طور پر بند کر دیا۔ چونکہ پروپلین گیس نہایت آتش گیر ہوتی ہے، اس لیے علاقے میں انتہائی خطرناک صورتحال پیدا ہو گئی تھی۔
 
حادثے کے بعد ایمرجنسی ٹیموں نے فوری کارروائی شروع کی، جن میں این ڈی آر ایف، فائر بریگیڈ، آئی آر بی پولیس اور کیمیکل ماہرین شامل تھے۔ ان ٹیموں نے گیس کے اخراج کو روکنے اور ٹینکر کو سیدھا کرنے کے لیے مسلسل کام کیا۔ تاہم راحت کی بات یہ رہی کہ اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اس واقعے کے باعث تقریباً 25 کلومیٹر طویل ٹریفک جام لگ گیا، جس میں بسوں اور ٹرکوں سمیت ہزاروں گاڑیاں پھنس گئیں۔ مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور بنیادی سہولیات کی کمی کے باعث صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی۔
 
حکام نے واضح کیا ہے کہ جب تک ماہرین علاقے کو مکمل طور پر محفوظ قرار نہیں دیتے، اس وقت تک ٹریفک بحال نہیں کی جائے گی۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق بدھ کی صبح تک ٹریفک معمول پر آنے کا امکان کم ہے۔ حکام نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس راستے کا استعمال نہ کریں اور پرانے ممبئی، پونے ہائی وے جیسے متبادل راستے اختیار کریں۔ ساتھ ہی مہاراشٹر ہائی وے پولیس سے براہِ راست اپ ڈیٹس حاصل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے، کیونکہ گیس کے مسلسل اخراج کے باعث خطرہ برقرار ہے۔