جمعرات کو قومی راجدھانی دہلی میں این ڈی اے کے لیڈروں کی میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، بی جے پی کے قومی صدر اور مرکزی وزیر جے پی نڈا، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور این ڈی اے اتحاد میں شامل مختلف جماعتوں کے دیگر اہم لیڈران نے میٹنگ میں شرکت کی۔میٹنگ میں اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا گیا کہ این ڈی اے اتحاد کی جانب سے نائب صدارتی امیدوار کے طور پر کس کو میدان میں اتارا جائے۔ اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی اور پارٹی صدر جے پی نڈا کو ذمہ داری سونپتے ہوئے ایک قرارداد منظور کی گئی۔ پی ایم مودی اور جے پی نڈا،این ڈی اے کے امیدوار کو حتمی شکل دیں گے، جس کا اعلان 12 اگست کو ہونے کا امکان ہے ۔
مرکزی پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے میٹنگ کے بعد کہا کہ این ڈی اے اتحاد نے متفقہ طور پر وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کو نائب صدر کے عہدے کے لیے این ڈی اے کے امیدوار کو حتمی شکل دینے کا اختیار دیتے ہوئے ایک قرارداد منظور کی۔، ’’وزیراعظم کے ذریعہ لیا گیا فیصلہ تمام اتحادی جماعتوں کو قبول کیا جائے گا۔ رجیجو نے انتخابی عمل کی ٹائم لائن کا بھی اعلان کیا۔ میٹنگ میں جے پی نڈا، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، شیوسینا لیڈر شری کانت شندے، ملند دیورا، پرفل پٹیل، چراغ پاسوان، اپیندر کشواہا، رام موہن، للن سنگھ، اپنا دل (ایس) لیڈر انوپریا پٹیل، اور رام داس اٹھاولے سمیت سینئر لیڈران موجود تھے۔
نائب صدرکے امیدوار کو حتمی شکل دینے کے علاوہ، این ڈی اے کی میٹنگ میں پولنگ کے دن سے پہلے تال میل اور تربیت پر توجہ مرکوز کی گئی۔ چونکہ الیکشن خفیہ رائے شماری کے ذریعے کرائے جاتے ہیں اور پارٹی وہپ جاری نہیں کیے جا سکتے، اس لیے اتحاد اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہا ہے کہ اس کے تمام اراکین پارلیمنٹ ووٹنگ کے عمل سے بخوبی واقف ہوں تاکہ غلط ووٹوں کو روکا جا سکے۔ این ڈی اے محتاط رویہ اختیار کر رہی ہے۔ نظم و ضبط اور متحدہ محاذ کو یقینی بنانے کے لیے تفصیلی تربیتی نشستوں کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔بدھ کو، مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اور شیو سینا کے رہنما ایکناتھ شندے نے نائب صدر کے انتخاب میں این ڈی اے کو غیر مشروط حمایت دی، جس سے اتحاد کی تعداد میں مزید اضافہ ہوا۔
واضح رہےکہ جگدیپ دھنکھر، کے نائب صدر کے طور اچانک استعفیٰ دینے کےبعدنئے نائب صدر کا انتخاب ناگزیر ہو گیا۔ سنٹرل الیکشن کمیشن نے نئے نائب صدر جمہوریہ کےانتخاب کےلئے الیکشن کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ نائب صدرالیکشن کےلئے نامزدگیوں کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 21 اگست ہے جبکہ پولنگ اور گنتی دونوں 9 ستمبر کو ہوں گی۔