• News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • زہران ممدانی نے کیا اپنے سیاسی ایجنڈے کا واضح اعلان

زہران ممدانی نے کیا اپنے سیاسی ایجنڈے کا واضح اعلان

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: New York Mayor Zohran Mamdani Unveils Democratic Socialist Agenda | Last Updated: Jan 02, 2026 IST

زہران ممدانی نے کیا اپنے سیاسی ایجنڈے کا واضح اعلان
امریکہ کے سب سے بڑے شہر نیو یارک میں سیاسی منظرنامہ کرشماتی طور پر تبدیل ہو گیا ہے۔ نومنتخب میئر زہران ممدانی نے عہدے کا حلف اٹھاتے ہی واضح کر دیا ہے کہ وہ شہر میں ڈیموکریٹک سوشلسٹ ایجنڈے پر عمل کریں گے اور عام محنت کش طبقے کے لیے نیو یارک کو زیادہ سستا اور قابلِ رہائش بنانے کو ترجیح دیں گے۔ ان کے اعلانات نے ایک طرف حامیوں کو پرجوش کر دیا ہے تو دوسری جانب ریپبلکن حلقوں میں سخت ردِعمل بھی سامنے آیا ہے۔

 سیاسی راستے کا واضح اعلان

نیو یارک کے نئے میئر زہران ممدانی نے حلف اٹھانے کے فوراً بعد اپنے سیاسی راستے کا واضح اعلان کر دیا ہے۔ سٹی ہال کے باہر منعقدہ عوامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  ڈیموکریٹ رہنما نے کہا کہ ان کی حکومت کسی ارب پتی یا بااثر طبقے کے دباؤ میں نہیں آئے گی بلکہ ہر نیو یارکر کو جواب دہ ہوگی۔زہران ممدانی کا کہنا تھا کہ وہ بطور ڈیموکریٹک سوشلسٹ منتخب ہوئے ہیں اور اسی نظریے کے تحت حکمرانی کریں گے۔

 عامی شہری مسائل کا حل اولین ترجیح

 ان کے مطابق مہنگائی، بڑھتے ہوئے کرائے اور روزمرہ اخراجات نے عام شہری کی زندگی مشکل بنا دی ہے، اور ان مسائل کا حل ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہوگا۔انتخابی وعدوں کا اعادہ کرتے ہوئے ممدانی نے کہا کہ کرایوں کو منجمد کیا جائے گا، شہر بھر میں مفت بس سروس شروع کی جائے گی اور بچوں کے لیے یونیورسل چائلڈ کیئر کی سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ محنت کش خاندانوں پر معاشی دباؤ کم ہو سکے۔

سستی رہائش اور بنیادی سہولیات ہر شہری کا حق

حلف برداری کی تقریب میں امریکی سینیٹر برنی سینڈرز  بھی موجود تھے، انہوں نے ممدانی کی پالیسیوں کی کھل کر حمایت کی۔ برنی سینڈرز نے کہا کہ سستی رہائش اور بنیادی سہولیات ہر شہری کا حق ہیں، نہ کہ کوئی انتہاپسندانہ مطالبہ ہے۔

ریپبلکن پارٹی کی ممدانی پر تنقید 

دوسری جانب ریپبلکن پارٹی نے زہران ممدانی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں ریڈیکل سوشلسٹ قرار دیا ہے۔ ریپبلکن رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ان کی پالیسیاں نہ صرف نیو یارک بلکہ ڈیموکریٹک پارٹی کے لیے بھی سیاسی مشکلات پیدا کر سکتی ہیں۔
 
واضح رہے کہ زہران ممدانی اس سے قبل نجی طور پر قرآنِ پاک پر حلف اٹھا کر نیو یارک کے پہلے مسلمان میئر بننے کا اعزاز بھی حاصل کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ مذہب، نسل اور طبقے سے بالاتر ہو کر تمام شہریوں کے لیے کام کریں گے۔