بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اپنے قومی صدر نتن نبین کو بہار سے راجیہ سبھا انتخابات کے لیے نامزد کیا ہے۔ بی جے پی نے ان کی امیدواری کو حتمی شکل دیتے ہوئے ایک بیان جاری کیا ہے۔ نتن نبین کے ساتھ ساتھ بی جے پی نے آٹھ دیگر کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ نتن نبین نے جنوری میں پارٹی کے قومی صدر کے طور پر حلف لیا تھا۔ ان کا تعلق بہار سے ہے اور اس سے قبل وہ پارٹی کے ورکنگ صدر رہ چکے ہیں۔
انہوں نے گزشتہ سال بہار اسمبلی انتخابات میں باکی پور سے چوتھی بار ایم ایل اے کی حیثیت سے کامیابی حاصل کی تھی۔ وہ بہار سے پارٹی صدر کے عہدے تک پہنچنے والے پہلے لیڈر کے طور پر پہچانے جاتے ہیں۔ بی جے پی نے ان لوگوں کے نام جاری کیے ہیں جو نتن نبین کے ساتھ راجیہ سبھا جائیں گے۔
بہار سے نتن نبین کے ساتھ شیوش کمار بھی ہیں۔ آسام سے ٹریسا گوالا اور جوگین موہن، چھتیس گڑھ سے لکشمی ورما، ہریانہ سے سنجے بھاٹیہ، اوڈیشہ سے منموہن سمل اور سوجیت کمار اور مغربی بنگال سے راہل سنہا شامل ہیں۔
واضح رہےکہ 10 ریاستوں میں راجیہ سبھا کی 37 سیٹوں کے لیے 16 مارچ کو انتخابات ہوں گے۔ بی جے پی یا اس کے اتحادی 10 میں سے چھ ریاستوں میں اقتدار میں ہیں۔ اس کے ساتھ بی جے پی کو زیادہ سے زیادہ سیٹیں ملنے کا امکان ہے۔ جن ریاستوں میں راجیہ سبھا کی نشستیں خالی ہو رہی ہیں ان میں مہاراشٹر (7)، تمل ناڈو (6)، مغربی بنگال (5)، بہار (5)، اڈیشہ (4)، آسام (3)، تلنگانہ (2)، چھتیس گڑھ (2)، ہریانہ (2) اور ہماچل پردیش (1) ہیں۔