• News
  • »
  • جموں وکشمیر
  • »
  • کھیر بھوانی میلہ کی تیاریوں کا عمرعبداللہ نے لیاجائزہ

کھیر بھوانی میلہ کی تیاریوں کا عمرعبداللہ نے لیاجائزہ

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Jun 18, 2026 IST

کھیر بھوانی میلہ کی تیاریوں کا عمرعبداللہ نے لیاجائزہ
جموں وکشمیر کے وزیراعلیٰ عمرعبداللہ نے جمعرات کو گاندربل ضلع کے تلمولہ میں واقع ماتا کھیر بھوانی مندر کا دورہ کیا۔ اور ساتھ ہی سالانہ کھیر بھوانی میلہ کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ معائنہ کے دوران سامنے آنے والے تمام زیر التوا کام 22 جون کو میلہ شروع ہونے سے پہلے مکمل کر لیے جائیں گے۔
 
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمرعبداللہ نے کہا کہ کھیر بھوانی میلہ ایک اہم مذہبی موقع ہے، جس میں ملک کے مختلف حصوں اور دنیا بھر سے عقیدت مند شرکت کرتے ہیں اور ماتا کے درشن کرکے آشیرواد حاصل کرتے ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ انہوں نے مندر کے پجاریوں اور دیگر متعلقہ افراد سے ملاقات کی اور انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کچھ ضروری کاموں کی نشاندہی کی گئی ہے، جنہیں مقررہ وقت سے پہلے مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ زائرین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
 
عمرعبداللہ نے کہا کہ انہوں نے وزیر اعلیٰ کے طور پر اور مقامی رکن اسمبلی کی حیثیت سے موقع پر پہنچ کر انتظامات کا جائزہ لیا ہے تاکہ سالانہ یاترا کے دوران عقیدت مندوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
 
کھیر بھوانی میلہ کشمیری پنڈت برادری کے لیے ایک اہم مذہبی تہوار سمجھا جاتا ہے، جو اس سال 22 جون کو منایا جائے گا۔ حکام نے میلے کے لیے سکیورٹی اور دیگر انتظامات مکمل کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جموں سے تعلق رکھنے والے زیادہ تر مہاجر کشمیری پنڈتوں سمیت 7 ہزار سے زائد عقیدت مندوں نے یاترا کے لیے رجسٹریشن کرائی ہے۔
 
امرناتھ یاترا کے حوالے سے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یاترا کے انتظامات کی بنیادی ذمہ داری شری امرناتھ جی شرائن بورڈ کی ہے، جبکہ حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے تاکہ یاترا پرامن اور کامیابی سے مکمل ہو۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ کھیر بھوانی اور امرناتھ یاترا میں شامل ہونے والے تمام  عقیدت مند  اپنی مذہبی رسومات آرام اور سہولت کے ساتھ ادا کر سکیں گے۔ انہوں نے جموں و کشمیر میں امن، بھائی چارے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے دعا کی۔
 
گاندربل کے بعض علاقوں میں آبپاشی کے مسائل پر عمر عبداللہ نے کہا کہ پانی کی کمی سے متعلق شکایات موصول ہوئی ہیں اور نہروں و آبپاشی نظام کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ بارشوں سے صورتحال میں بہتری آئی ہے۔
 
دریں اثنا کانگریس کے سینئر رہنما کرن سنگھ نے بھی کھیر بھوانی مندر کا دورہ کرتے ہوئے کشمیر کی روایتی مذہبی ہم آہنگی کو سراہا۔ انہوں نے کیر بھوانی میلہ کو کشمیر کی مشترکہ ثقافت کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری پنڈت خاندانوں کی واپسی کے لیے کوششیں خطے کے سماجی تانے بانے کو مزید مضبوط کریں گی۔