Saturday, December 20, 2025 | 29, 1447 جمادى الثانية
  • News
  • »
  • کاروبار
  • »
  • وزیراعظم کی اردن کے شاہ عبداللہ سے ملاقات، پانچ معاہدوں پر دستخط

وزیراعظم کی اردن کے شاہ عبداللہ سے ملاقات، پانچ معاہدوں پر دستخط

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Dec 16, 2025 IST

وزیراعظم کی اردن کے شاہ عبداللہ سے ملاقات، پانچ معاہدوں پر دستخط
وزیراعظم نریندر مودی دو روزہ دورے پر اردن پہنچے جس کا مقصد عرب ملک کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے پیلس میں اردن کے شاہ عبداللہ دوم ابن الحسین سے ملاقات کی اور دوطرفہ اور علاقائی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ پی ایم مودی نے کہا کہ اردن کے شاہ عبداللہ نے ہندوستان۔اردن تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کیلئے بہت مثبت خیالات کا اشتراک کیا۔پی ایم مودی نے کہاکہ  اس سال ہم اپنے سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ یہ سنگ میل ہمیں آنے والے کئی سالوں تک نئی توانائی کے ساتھ آگے بڑھنے کی ترغیب دیتا رہے گا۔ 
 
 
انہوں نے کہاکہ ہم تجارت جیسے شعبوں میں تعاون کریں گے۔ اس کے علاوہ کئی شعبوں میں عالمی سطح پر تعاون بھی کریں گے۔ اس ملاقات کے دوران پی ایم مودی نے غزہ اور دہشت گردی کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے شروع سے ہی غزہ میں ایک فعال اور مثبت کردار ادا کیا ہے۔ ہم سب امید کرتے ہیں کہ خطے میں امن و استحکام برقرار رہے۔ اس دوران پی ایم مودی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے پاکستان کو سخت پیغام بھیجا ۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف ہمارا مشترکہ اور واضح موقف ہے۔ 
 
پانچ معاہدوں پر ہندوستان اوراردن کا معاہدہ
 
ہندوستان اور اردن کے درمیان پانچ اہم معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں۔ ان میں ثقافت، قابل تجدید توانائی، پانی کے انتظام، ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر اور تاریخی ورثے کے تحفظ سے متعلق معاہدے شامل ہیں۔ دونوں ممالک نے ثقافت کے شعبے میں تعاون بڑھانے، قابل تجدید اور صاف توانائی کے منصوبوں پر مل کر کام کرنے اور آبی وسائل کا بہتر انتظام کرنے کے معاہدوں پر دستخط کیے۔ ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر کے تحت ڈیجیٹل گورننس اور ٹیکنالوجی پر مبنی عوامی خدمات میں شراکت داری کو آگے بڑھانے کے لیے ایک معاہدہ طے پایا۔ اس کے علاوہ اردن کی عالمی شہرت یافتہ تاریخی یادگار پیٹرا اور ہندوستان کی ایلورا غاروں کے درمیان جڑواں معاہدے پر دستخط ہوئے۔ اس سے ورثے کے تحفظ، سیاحت اور باہمی ثقافتی تعاون کو فروغ ملے گا۔
 
ہندوستان اور اردن تعلقات کے 75 سال 
 
ہندوستان اور اردن نے 1950 میں سفارتی تعلقات قائم کیے تھے جنہیں 2025 میں 75 سال مکمل ہو گئے۔ اس موقع پر مودی نے اردن کا دورہ کیا۔ ہندوستان اردن کا چوتھا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ 2023-24 میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا تخمینہ 26,033 کروڑ روپے تھا۔ ہندوستان کی برآمدات تقریباً 13,266 کروڑ روپے کی تھیں۔ دونوں ممالک نے باہمی تجارت کو 5 بلین (45,275 کروڑ) تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔