Thursday, February 13, 2025 | 14, 1446 شعبان
  • News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • پی ٹی آئی کے رہنما عمر ایوب نے وزیر اعظم شہباز شریف کو نوکر اور کلرک جیسا قرار دیا

پی ٹی آئی کے رہنما عمر ایوب نے وزیر اعظم شہباز شریف کو نوکر اور کلرک جیسا قرار دیا

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Feb 01, 2025 IST     

image
پاکستان کی قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمر ایوب نے پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف کو شدید تنقید کا نشانہ بنا یا۔ عمر ایوب نے شہباز شریف کو  بے اختیار بندہ تک کہہ دیا۔ عمر ایوب نے وزیر اعظم پاکستان کے کردار کو قومی اسمبلی میں ایک نوکر اور کلرک جیسا قرار دیا اور دعویٰ کیا کہ ان کے پاس کوئی حقیقی طاقت نہیں ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا یہ بیان پورے پاکستان میں موضوع بحث بنا ہوا ہے۔ ان کا یہ بیان پی ٹی آئی اور پاکستانی حکومت کے درمیان مذاکرات کی ناکامی کے بعد سامنے آیا ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ پی ٹی آئی کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان نے پارلیمانی کمیٹی کے ذریعے حکومت کے ساتھ تعطل کا شکار مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی پیشکش کو مسترد کر دیا ہے۔
 
اطلاعات کے مطابق پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے جمعرات (30 جنوری) کو کابینہ کے اجلاس سے خطاب کیا۔ اس میں انہوں نے کہا کہ حکومت عمران خان کی پارٹی کے ساتھ مذاکرات کو آگے بڑھانے کے لیے پارلیمانی کمیٹی بنانے کے لیے تیار ہے۔ اسی دوران سابق وزیر اعظم عمران خان کی پارٹی نے 9 مئی 2023 اور 26 نومبر 2024 کے واقعات کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن کی تشکیل نہ کرنے پر بات چیت ختم کر دی ہے۔
 
پاکستان کی قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا کہ ہم وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی پیشکش کو مسترد کرتے ہیں۔ پارٹی کے مطالبات کو دہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے مطالبات بالکل واضح ہیں۔ ہم تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔
 
پاکستانی حکومت اور عمران خان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے درمیان مذاکرات گزشتہ ہفتے اس وقت تعطل کا شکار ہو گئے جب پارٹی اپنے بانی عمران خان کی ہدایت پر مذاکرات سے واک آؤٹ کر گئی۔ منگل (28 جنوری) کو ہونے والے چوتھے دور کے اجلاس میں بھی اپوزیشن نے شرکت نہیں کی۔