• News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • پی او کے احتجاج کی کوریج پر پاکستان نے الجزیرہ کی نشریات پر لگا دی روک

پی او کے احتجاج کی کوریج پر پاکستان نے الجزیرہ کی نشریات پر لگا دی روک

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Aug 04, 2026 IST

پی او کے احتجاج کی کوریج پر پاکستان نے الجزیرہ کی نشریات پر لگا دی روک
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر (پی او کے) میں جاری عوامی احتجاج اور مظاہروں کی بین الاقوامی کوریج کے درمیان پاکستان نے عالمی خبر رساں ادارے الجزیرہ کی نشریات اور رپورٹنگ پر پابندی عائد کر دی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کی وزارتِ اطلاعات اور میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (PEMRA) نے کہا کہ الجزیرہ مبینہ طور پر پی او کے کی صورتحال کو "غلط انداز" میں پیش کر رہا ہے اور ریاست مخالف بیانیے کو فروغ دے رہا ہے۔
 
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام قومی مفاد اور ملکی سلامتی کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔ تاہم اس فیصلے کے بعد میڈیا کی آزادی اور اظہار رائے سے متعلق سوالات بھی اٹھنے لگے ہیں۔ دوسری جانب مختلف مبصرین اور انسانی حقوق کے حلقوں کا کہنا ہے کہ پی او کے میں حالیہ مہینوں کے دوران مہنگائی، ٹیکسوں میں اضافے، اور دیگر عوامی مسائل کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں شدت آئی ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ ان مظاہروں کے دوران سکیورٹی کارروائیوں اور عوامی بے چینی سے متعلق خبروں کو عالمی سطح پر پہنچنے سے روکنے کے لیے میڈیا پر پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں۔
 
الجزیرہ کی جانب سے اس پیش رفت پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ پاکستانی حکام اپنے فیصلے کو قومی مفاد کے مطابق قرار دے رہے ہیں۔ یہ معاملہ ایک بار پھر اس بحث کو جنم دے رہا ہے کہ عوامی احتجاج اور حساس سیاسی معاملات کی رپورٹنگ میں میڈیا کی آزادی اور ریاستی اختیارات کے درمیان توازن کس حد تک برقرار رکھا جانا چاہیے۔
 
 
پی او کے میں انتخابی جھڑپوں کے بعد کشیدگی برقرار
 
 پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر (پی او کے) میں انتخابات کے پہلے مرحلے کے دوران پیش آنے والی پرتشدد جھڑپوں کے بعد راولاکوٹ اور دیگر علاقوں میں کشیدگی برقرار ہے۔ مظاہرین اور سیکیورٹی اہلکاروں کے درمیان ہونے والے تصادم کے بعد صورتحال بدستور تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق، 27 جولائی کو ہونے والی جھڑپوں میں کم از کم 14 کارکن ہلاک ہوئے تھے۔ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی گزشتہ ماہ سے پی او کے میں نام نہاد علاقائی قانون ساز اسمبلی کی 12 متنازعہ نشستوں کے خلاف مسلسل احتجاج کر رہی ہے۔ دوسری جانب میڈیا رپورٹ کے مطابق، متعدد زخمی مظاہرین گرفتاری یا گولی لگنے کے خدشے کے باعث مرکزی اسپتال جانے سے گریز کر رہے ہیں۔ تاہم متعلقہ حکام نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ زخمیوں کو علاج کی مکمل سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ علاقے میں کشیدگی کے باعث سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ صورتحال پر مقامی اور بین الاقوامی سطح پر بھی گہری نظر رکھی جا رہی ہے